Image: RRS Urdu

ایران کلچرہاؤس میں منعقد تقریب میں مختار عباس نقوی کا اظہار خیال
نئی دہلی (ایس این بی): ملک ایران میں نئے شمسی سال کے موقع پر عید کی طرح منائے جانے والے جشن نوروز کی تقریب نئی دہلی میں واقع خانہ فرہنگ اسلامی جمہوری ایران میں منعقد کی گئی جس میں مرکزی وزیر اقلیتی امور مختار عباس نقوی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی ۔ تقریب میں مختلف ممالک کے سفرا اور کلچرل کاؤنسلروں کے علاوہ ملک کی علمی وادبی شخصیات نے حصہ لیا۔ شمسی کیلنڈر کے پہلے دن کے طورپر تصور کئے جانے والے اس دن کو ایران قوم میں بلا تفریق مذہب وملت خوش وخرم طریقہ سے منایاجاتاہے ۔
اس موقع پر مختار عباس نقوی نے نوروز کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ نوروز ایسا تہوار ہے جو لوگوں کے درمیان قومی یکجہتی اور بھائی چارہ کا پیغام دیتاہے۔ انہوں نے کہا کہ موجوجودہ دور میں جتنی زیادہ ضرورت اخوت، بھائی چارہ اور آپسی اتحاد کی ہے اتنی کسی دوسری شے کی نہیں ہے۔ انہوںنے کہا کہ بدلتے حالات میں بھی ملک نے کورونا سے مقابلہ کیا اور جس وقت انسانیت کو متحدہوکر کورونا سے لڑنے کی ضرورت تھی ہمارے ملک نے آگے بڑھ کر مدد کی اور دنیا کی کورونا سے جنگ میں وہ کردار اداکیا کہ جو ساری دنیا کے لئے ایک مثال ہے۔
اس موقع پر ہندوستان میں ایرانی سفیر ڈاکٹر علی چگینی نے کہا کہ نوروز نہ صرف ایک تاریخی بلکہ ثقافتی تہوار بھی ہے، جس کے ذریعہ بھائی چارہ کو فروغ ملتا ہے۔ ملک ایران میںہر شہر ی بلا تفریق ملت نوروز کے جشن میں شامل ہوتاہے اور ہمیں اپنے اس اتحاد واتفاق پر فخر بھی ہے۔ واضح رہے کہ مرکزی وزیر برائے اقلیتی امور مختار عباس نقوی نے اس موقع پر نوروز کے تعلق سے دنیا بھر میں منائے جانے والے جشن کی تصاویر دیکھیں اور مختلف انداز میں پکائے جانے والے ایرانی کھانوں کا ذائقہ بھی لیا۔اس سے قبل سفیر ایران ڈاکٹر علی چگینی اورکلچرل کاؤنسلر اسلامی جمہوری ایران نئی دہلی نے مرکزی وزیر کی خدمت میں گلدستہ اور دیگر تحائف پیش کئے۔ اس موقع پر خانہ فرہنگ جمہوری اسلامی ایران کے رائزن ڈاکٹر علی ربانی نے کہا کہ کسی بھی ملک کی تقریبات اس کی تہذیب کا آئینہ ہوتی ہیں۔ جشن نوروز ایرانی تہذیب کا مظہر ہے اور ایران میں خاص طورپر اس طرح کے تہواروں کو محفوظ کرکے رکھا گیا ہے تاکہ ایرانی فن وثقافت اور اس کی تہذیب قائم رہے اور اس کے بہانے لوگ ایک دوسرے کے قریب آتے ہیں اور بھائی چارہ میں اضافہ ہوتاہے۔ انہوں نے کہا کہ امن واتحاد قائم رکھنے میں نوروز جیسے تہوار وں کا بہت بڑا رول ہوتاہے۔ یہ نوروز عید نوروز ہے، جو انسانیت کو عام کرنے کا پیام دیتا ہے۔
اس موقع پرشاہی جامع مسجد یونائٹیڈ فورم کے چیئرمین سید یحییٰ بخاری نے کہا کہ پہلی مرتبہ اس قسم کی تقریب میں شرکت کرنے کا موقع ملا ہے اور یہاں کے انتظام اور پروگرام کی اہمیت کو دیکھتے ہوئے دل کرتاہے کہ ایک بار نوروز کا تہوار ایران میں ہی جا کر منایاجائے۔ انہوں نے کہا کہ مختلف ذائقوں اور بہتر کھانوں کے ساتھ جس طرح سے مہمان نوازی کی جارہی ہے وہ ایرانی تہذیب کی عکاسی کرتی ہے۔ اور ہم تمام اہل ایران کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ اس موقع پر جامعہ ہمدرد کے پروفیسر ڈاکٹر غلام یحییٰ انجم، پروفیسر شریف حسین قاسمی، پروفیسر اختر مہدی رضوی،پروفیسر اخلاق احمد آہن، سینئر صحافی قمر آغا کے علاوہ کثیر تعداد میں اہم ترین شخصیات نے شرکت کی۔ واضح رہے کہ اس پروگرام میں قوالی کا خاص اہتمام تھا جس میں حافظ شیرازی اور سعدی شیرازی کے فارسی اشعار پڑھے گئے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS