ایم پی نونیت رانا کا کناٹ پلیس کے مندر میں ادھو ٹھاکرے کے خلاف ہنومان چالیسہ

0

نئی دہلی (ایس این بی) : مہاراشٹر کے امراؤتی سے لوک سبھا ممبر پارلیمنٹ نونیت رانا ہفتہ کے روز دہلی آئیں اور کناٹ پلیس کے مشہور ہنومان مندر میں اپنے شوہر اور مہاراشٹر کے ایم ایل اے روی رانا اور حامیوں کے ساتھ ہنومان چالیسہ کا ورد کیا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ شیوسینا کی شکل میں مہاراشٹر پر منڈلا رہے سب سے بڑے خطرے کو ٹالنے کے لیے دعا کی ہے۔ہاتھ میں ہنومان چالیسہ لے کر اور زعفرانی ساڑی پہنے، نونیت رانا اپنے شوہر اور سیکڑوں حامیوں کے ساتھ اپنی نارتھ ایونیو کی رہائش گاہ سے کناٹ پلیس کے ہنومان مندر تک گئیں۔ نونیت نے مندر کے باہر نامہ نگاروں کو بتایا کہ ادھو ٹھاکرے مہاراشٹر کے لیے سب سے بڑا خطرہ ہیں۔ میں مہاراشٹر کی اس لعنت سے نجات کی دعا کرنے آئی ہوں۔ رانا جوڑے نے مندر میں آرتی بھی کی۔ وہ ایک ایسے دن مندر گئے جب ٹھاکرے ممبئی میں ایک بڑی ریلی سے خطاب کرنے والے ہیں۔اس دوران نونیت رانا نے شیو سینا پر مہاراشٹر میں اقتدار پر قبضہ کرنے کے لیے کانگریس اور این سی پی کے ساتھ ہاتھ ملا کر ہندوتوا کو ترک کرنے کا الزام لگایا۔ چلچلاتی دھوپ کے باوجود عقیدت مندوں میں زبردست جوش و خروش دیکھا گیا۔ اس موقع پر شری ہنومان مندر کے مہنت پنڈت سریش شرما نے کہا کہ یہاں ہرطبقہ کے لوگ اپنی ضرورت کے لیے آتے ہیں اور اپنی خواہشات اور نیک تمناؤں کی دعائیں کرتے ہیں۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS