بھوپال میں ایک ایم ایل اے سمیت 48 نئے کووڈ-19معاملے درج

    0

    مدھیہ پردیش کی دارالحکومت بھوپال میں کورونا انفیکشن کے آج 48 نئے معاملے سامنے آئے ہیں جن میں ایک بی جے پی کے رکن اسمبلی اور ان کی اہلیہ بھی شامل ہیں۔ بھوپال میں کورونا سے متاثروں کی تعداد مجموعی طور سے 2505 ہوگئی ہے۔
    سرکاری ذرائع کے مطابق 48 نئے معاملے سامنے آنے کے بعد یہ تعداد 2457 سے بڑھ کر 2505 ہوگئی ہے۔ حالانکہ ان میں سے 1700 سے زیادہ لوگ صحتیاب ہوچکے ہیں۔ باقی لوگوں کا اسپتال، ہوم آئسولیشن اور کورنٹائن سینٹروں میں علاج جاری ہے۔ ضلع میں کورونا کی وجہ سے 78 لوگوں کی موت ہوچکی ہے۔
    ذرائع نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ریاست کے مغربی حصے سے آنے والے ایک بی جے پی رکن اسمبلی اور ان کی اہلیہ آج علی الصبح موصول رپورٹ میں کورونا پازیٹیو پائے گئے ہیں۔ رکن اسمبلی نے کل یہاں اسمبلی کے احاطے میں راجیہ سبھا کے انتخابات کے لئے قطار میں لگ کر ووٹنگ میں حصہ لیا تھا۔ اس کے علاوہ وہ دو تین دنوں کے دوران یہاں متعدد لوگوں سے ملاقات کرچکے ہیں۔
    گزشتہ روز ووٹنگ کے دوران کانگریس کے ایک پہلے سے کورونا سے متاثر رکن اسمبلی نے اسپتال سے یہاں آکر اسمبلی کے احاطے میں پہنچ کر ووٹنگ میں حصہ لیا تھا۔ کچھ دن پہلے وہ انفیکشن سے متاثر ہوئے تھے۔ ان کا یہاں ایک اسپتال میں علاج جاری ہے۔ حالانکہ انتخابی کمیشن نے ایسے ووٹروں کو ڈاک کے ذریعہ ووٹ دینے کی سہولت فراہم کی تھی لیکن انہوں نے ووٹنگ سینٹر میں آکر حق رائے دہی کا استعمال کیا تھا۔

     

    سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS