بی جے پی میں بھگدڑ جاری، ایک اورکابینی وزیر مستعفی

0
www.republicworld.com

دلتوں، پسماندہ طبقات اور بے روزگاروں کو نظراندازکیا جاتا ہے،یوگی حکومت پرداراسنگھ چوہان کا الزام
لکھنؤ (ایس این بی) : اترپردیش میں بھارتیہ جنتا پارٹی کو مسلسل دوسرے دن بھی اس وقت زبردست دھچکا لگا، جب ریاستی وزیر برائے جنگلات، ماحولیات اور چڑیاگھر دارا سنگھ چوہان نے آج بدھ کو یوپی کابینہ سے استعفیٰ دے دیا۔ اس سے قبل کل منگل کو ریاست کے قدآور لیڈر اور کابینی وزیر سوامی پرساد موریہ نے بھی یوگی حکومت سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ دارا سنگھ چوہان نے گورنر آنندی بین پٹیل کو ارسال کئے گئے اپنے استعفیٰ نامہ میں یوگی حکومت پر دلتوں، پسماندہ طبقات اور بیروزگاروں کو نظرانداز کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔ انہوں نے گورنر کو بھیجے گئے استعفے میں کہا ہے کہ پورے تندہی سے اپنے محکمہ کی بہتری کیلئے کام کیا، لیکن حکومت نے پسماندہ طبقات، محروم طبقات، دلتوں، کسانوں، بیروزگاروں اور نوجوانوں کو جس طرح نظرانداز کیا اور پسماندہ طبقات و دلتوں کے ریزرویشن کے ساتھ جس طرح سے کھلواڑ ہو رہا ہے اس سے دکھی ہوکر میں اترپردیش کابینہ سے استعفیٰ دیتا ہوں۔ استعفیٰ دینے کے بعد دارا سنگھ چوہان نے اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بھارتیہ جنتا پارٹی حکومت میں پوری ایمانداری اور لگن سے کام کیا، لیکن یقینی طور سے گزشتہ 5 برسوں میں او بی سی، دلت، محروموں اور بیروزگار نوجوانوں کو انصاف نہیں مل پایا۔ اسی وجہ سے میں نے یوگی حکومت سے استعفیٰ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں 5 برسوں تک مسلسل پارٹی اعلیٰ کمان کو آگاہ کرتا رہا اور ان سے بات کرتا رہا، لیکن میری باتوں کو نظرانداز کر دیا گیا، کیونکہ میں پسماندہ طبقات اور دلتوں کی بات کرتا تھا۔ واضح رہے کہ سابقہ اسمبلی الیکشن کے دوران بہوجن سماج پارٹی سے بی جے پی میں آئے دارا سنگھ چوہان نے ابھی اپنے مستقبل کی حکمت عملی کے سلسلہ میں کچھ بھی واضح نہیں کیا ہے، لیکن خیال کیا جاتا ہے کہ وہ سماجوادی پارٹی کا دامن تھام سکتے ہیں۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS