شامی ہندوستانی ٹیم کے 15ویں کھلاڑی بن گئے

0

تجربہ کار تیز گیند باز کو جسپریت بمراہ کی جگہ ٹیم میں شامل کیا گیا، محمد سراج اور شاردل ٹھاکر بیک اپ کے طور پر جلد روانہ ہوں گے
برسبین/ممبئی
(یو این آئی/ایجنسیاں) : تجربہ کار گیند باز محمد شامی کو زخمی جسپریت بمراہ کے متبادل کے طور پر ہندوستان کی 15 رکنی ٹی۔20 ورلڈ کپ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے
۔یہ اطلاع دیتے ہوئے بھارتیہ کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) نے جمعہ کو کہا کہ شامی آسٹریلیا پہنچ گئے ہیں اور ورلڈ کپ کے آفیشل
پریکٹس میچوں سے قبل ہندوستانی ٹیم میں شامل ہوں گے ۔محمد سراج اور شاردل ٹھاکر کو بیک اپ کے طور پر نامزد کیا گیا ہے ۔ دونوں کھلاڑی جلد
آسٹریلیا روانہ ہوں گے ۔
ٹی 20 ورلڈ کپ کے لیے ٹیم کے اعلان کے بعد سے ہی ٹیم انڈیا کا تناؤ مسلسل بڑھتا جا رہا ہے۔ پہلے رویندرا جڈیجا انجری کے باعث ورلڈ کپ
سے باہر ہوئے اور انہیں ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا، پھر دیپک ہڈا بھی انجری کا شکار ہوئے، جس کی وجہ سے وہ جنوبی افریقہ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی
سیریز سے باہر ہو گئے۔ تاہم اب وہ پریکٹس میچوں میں کھیلتے نظر آ رہے ہیں۔ جسپریت بمراہ کی عدم موجودگی سے ورلڈ کپ میں ہندوستان کی
مشکلات بڑھ گئی ہیں۔ایشیا کپ کے بعد سے ہی ٹیم ڈیتھ اوورز میں بہت خراب بولنگ کر رہی ہے۔ ٹیم کے تجربہ کار گیند باز بھونیشور کمار 18ویں
اور 19ویں اوور میں کافی مہنگے ثابت ہو رہے ہیں۔ ایسے میں امید کی جا رہی تھی کہ بمراہ کے آنے سے ٹیم کا یہ مسئلہ ختم ہو جائے گا، لیکن
چوٹ کی وجہ سے یہ اسٹار کھلاڑی خود ہی ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئے۔ ایسے میں سینئر کھلاڑی شامی کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
محمد شامی نے مختصر فارمیٹ میں اپنا آخری میچ گزشتہ سال ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے دوران نمیبیا کے خلاف کھیلا تھا۔ اس سال آئی پی ایل میں اس
کھلاڑی نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو فائنل تک پہنچایا اور جیت بھی حاصل کی۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ وہ ورلڈ کپ میں ٹیم
کے لیے کتنے سود مند ثابت ہوتے ہیں۔ شامی کو موقع ملنے کی وجہ آسٹریلیا کی پچ سیون اور باؤنس بتائی جا رہی ہے۔محمد شامی کے علاوہ محمد
سراج کو بھی ورلڈ کپ کے لیے ٹیم انڈیا میں شامل کیا گیا ہے۔ تاہم وہ ریزرو کھلاڑی کے طور پر برقرار رہیں گے۔ سراج نے جنوبی افریقہ کے
خلاف جاری ون ڈے سیریز میں شاندار بولنگ کی ہے۔ سراج کے خلاف ڈیتھ اوور میں رن بنانا بلے بازوں کے لیے مشکل ہوتا جا رہا ہے، اس لیے
انہیں ٹیم میں جگہ مل گئی ہے۔
آئی سی سی ٹی۔ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے ہندوستانی اسکواڈ: روہت شرما (کپتان)، کے ایل راہل (نائب کپتان)، وراٹ کوہلی، سوریہ کمار یادو، دیپک ہوا،
رشبھ پنت (وکٹ کیپر)، دنیش کارتک (وکٹ کیپر)، ہاردک پانڈیا، روی چندرن اشون، یوزویندرا چہل، اکشر پٹیل، بھونیشور کمار، ہرشل پٹیل، ارشدیپ
سنگھ، محمد شامی۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS