ممبئی (یو این آئی): محمد شامی فٹنس ٹیسٹ میں ناکام ہونے کے بعد جنوبی افریقہ کے خلاف دو میچوں کی ٹیسٹ سیریز سے باہر ہو گئے ہیں۔ بی سی سی آئی نے ایک بیان میں کہا کہ ٹیسٹ سیریز میں محمد شامی کی شرکت ان کی فٹنس پر منحصر تھی لیکن بی سی سی آئی کی میڈیکل ٹیم نے ان کی فٹنس کو منظوری نہیں دی اور فاسٹ باؤلر کو دو ٹیسٹ میچوں سے باہر کر دیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ دیپک چاہر والد کی بیماری کے باعث جنوبی افریقہ کے خلاف آئندہ ون ڈے سیریز سے دستبردار ہو گئے ہیں۔ آکاش دیپ کو چاہر کے متبادل کے طور پر نامزد کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ شریاس ایر 17 دسمبر کو جوہانسبرگ میں پہلے ون ڈے کے اختتام کے بعد ٹیسٹ سیریز کی تیاری کے لیے ٹیسٹ ٹیم میں شامل ہوں گے۔
بی سی سی آئی نے کہا کہ ٹیم انڈیا کے ہیڈ کوچ راہل دراوڑ، بیٹنگ کوچ وکرم راٹھور، بولنگ کوچ پارس مہمبرے اور فیلڈنگ کوچ ٹی دلیپ ٹیسٹ ٹیم میں شامل ہوں گے اور انٹر اسکواڈ گیمز اور ٹیسٹ سیریز کی تیاریوں کی نگرانی کریں گے۔
ون ڈے ٹیم کو انڈیا اے کے کوچنگ اسٹاف کی مدد ملے گی جس میں بیٹنگ کوچ سیتانشو کوٹک، بولنگ کوچ راجیب دتہ اور فیلڈنگ کوچ اجے راترا شامل ہیں۔
مزید پڑھیں: ’میں مسلمان ہوں، جہاں چاہوں عبادت کروں، کون روکے گا‘
ہندوستان کی ون ڈے ٹیم: رتوراج گائیکواڑ، سائی سدرشن، تلک ورما، رجت پاٹیدار، رنکو سنگھ، شریاس آئیر، کے ایل راہل (کپتان)، سنجو سیمسن (وکٹ کیپر)، اکشر پٹیل، واشنگٹن سندر، کلدیپ یادو، یوزویندر چہل، مکیش کمار، ایوین خان، ارشدیپ سنگھ، آکاش دیپ۔