نئی دہلی (ایجنسیاں) : مرکز کی مودی حکومت نے میڈیکل میں داخلہ کیلئے بڑا فیصلہ کیا ہے۔ سرکار نے او بی سی اور اقتصادی طور پر پسماندہ طبقہ کے طلبا کیلئے ریزرویشن کو منظور کرلیا ہے۔ سرکار نے او بی سی طلبا کو 27 فیصد اور اقتصادی طور پر کمزور طلبا کے لوگوں کیلئے 10 فیصد ریزرویشن دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ مرکزی وزارت صحت نے جمعرات کو او بی سی طبقہ اور اقتصادی طور پر کمزور طبقہ کے لوگوں کیلئے ریزرویشن دینے کا اعلان کیا۔ وزارت نے 2021-22 سیشن سے اس کو نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس فیصلے سے ایم بی بی ایس میں ہر سال تقریبا ً 1500او بی سی طلبا اور پوسٹ گریجویشن میں 2500طلبا کو فائدہ ہوگا۔ اسی طرح ایم بی بی ایس میں معاشی طور پر کمزور طبقہ سے 550طلبا اور پوسٹ گریجویشن میں تقریباً ایک ہزار طلبا یعنی کل 5550طلبا فائدہ اٹھائیں گے ۔ ریزرویشن دینے کے اس فیصلے کا فائدہ ہرسال آل انڈیا کوٹہ اسکیم (اے آئی کیو) کے تحت یوجی اور پی جی میڈیکل / ڈینٹل کورس ( ایم بی بی ایس / ایم ڈی / ایم ایس / ڈپلومہ / بی ڈی ایس / ایم ڈی ایس ) میں داخلہ لینے والوں کو ملے گا۔ وزارت صحت نے کہا کہ سرکار او بی سی اور ای ڈبلیو ایس طبقہ کے لوگوں کو ریزرویشن دینے کیلئے پابند عہد ہے۔
مرکزی وزارت صحت کے ذریعہ جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم نریندر مودی نے پیر کو ہوئی ایک میٹنگ میں ہدایت دی تھی کہ متعلقہ مرکزی وزارت طویل عرصے سے زیرالتوامعاملے کا حل نکالے۔ اب تعلیمی سیشن 2021-22 سے ہی ایم بی بی ایس / ایم ڈی / ایم ایس / ڈپلومہ / بی ڈی ایس / ایم ڈی ایس کورسیز میں آل انڈیا کوٹے کے تحت اوبی سی زمرہ کے طلبا کو 27 فیصد اور اقتصادی طورپر کمزور زمرہ کے طلبا کو 10 فیصد ریزرویشن ملے گا۔ موجودہ وقت میں تقریباً15فیصد یوجی، 50 پی جی، میڈیکل سیٹیں ریاستی سرکاروں کے ذریعہ آل انڈیا کوٹے کے تحت مینج کی جاتی ہیں۔ اس میں ایس سی/ ایس ٹی کیلئے تو سیٹیں محفوظ ہیں، لیکن اوبی سی کیلئے نہیں۔ اوبی سی زمرے کے میڈیکل طلبا کے ذریعہ طویل عرصہ سے اس مسئلے کو حل کرنے کا مطالبہ کیا جارہا تھا۔دراصل معاملہ نے اس وقت طول پکڑ لیا تھا، جب وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان نے 12 جولائی کو قومی اہلیتی ٹیسٹ یعنی نیٹ 2021 کی تاریخوں کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا تھا کہ اس مرتبہ بھی نیٹ امتحانات او بی سی طبقہ کو ریزرویشن دیئے بغیر ہی ہوگا۔ اس کے بعد کئی طلبا تنظیموں نے ملک گیر ہڑتال کی دھمکی دی۔ ساتھ ہی کئی سیاسی پارٹیوں نے بھی ریزرویشن کا مطالبہ کیا۔ معاملہ یہیں نہیں رکا، بلکہ بی جے پی کے کئی لیڈران بھی ریزرویشن کی حمایت میں آگئے۔ مرکزی وزیر مملکت انوپریہ پٹیل اور بھوپیندر یادو نے وزیر اعظم مودی کو میمورنڈم سونپا تھا۔
مودی سرکار نے لگائی مہر OBC اورEWS طلبا کو ملے گاریزرویشن
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS