گروگرام میں مسجد پر حملہ، نمازیوں کے ساتھ مارپیٹ

0

گروگرام (ایجنسیاں):گروگرام پولیس نے کم از کم ایک درجن ایسے لوگوں پر مقدمہ درج کیا ہے جن پر ایک مسجد پر حملہ کرنے کا الزام ہے۔ الزام ہے کہ انہوں نے نہ صرف مسجد کو نقصان پہنچایا بلکہ نماز پڑھنے والے لوگوں کی پٹائی بھی کی۔ مبینہ طور پر یہ واقعہ بدھ کی شام بھورا کلاں کے علاقے میں پیش آیا۔ ایف آئی آر کے مطابق کچھ لوگوں نے مقامی مسجد پر دھاوا بول کر اسے نقصان پہنچایا۔ ہجوم نے لوگوں کی پٹائی کی اور نمازیوں کو جان سے مارنے کی دھمکی دی۔ مار پیٹ کے بعد ملزمان گیٹ بند کرکے فرار ہوگئے۔ پولیس اب ملزمان کی شناخت اور انہیں پکڑنے کی کوشش کر رہی ہے۔ فی الحال یہ واضح نہیں ہوسکا کہ حملہ آوروں کا مقصد کیا تھا اور انہوں نے یہ واقعہ کیوں انجام دیا۔ بلاس پور پولیس اسٹیشن میں شکایت کنندہ صوبیدار نظر احمد نے کہاکہ شام کے وقت جب کچھ لوگ مسجد میں نماز پڑھ رہے تھے تو کچھ بدمعاش اندر داخل ہوئے اور ان کی پٹائی کی۔ انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ مسلمانوں کو علاقہ چھوڑنے کی دھمکیاں دی گئیں۔ پولیس نے آئی پی سی کی دفعہ 295-اے، 323، 506، 147 اور 148 کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔ پولیس نے راجیش چوہان، انل بھدوریا اور سنجے ویاس نامی 3 ملزمین کی بھی شناخت کر لی ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS