پیر سے مرکزی وزراء دفاتر میں آکر کریں گے کام

0

نئی دہلی: کورونا وائرس (كووڈ -19) کی وبا کے سبب نافذ لاک ڈاؤن کے درمیان حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ تمام مرکزی وزراء پیر سے اپنے دفاتر میں آکر کام کریں گے اور ان کے ساتھ ساتھ وزارتوں اور محکموں کے اعلی افسران بھی دفاتر میں آئیں گے۔

سرکاری ذرائع نے گزشتہ روز بتایا کہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے ٹھپ پڑے ملک کی سرکاری مشینری فعال بنانے کے لئے مرکزی وزراء کو وزارت میں واقع دفاتر میں آکر کام کرنے کو کہا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی وزارت اور محکموں میں تعینات جوائنٹ سیکریٹری اور ان سے اعلیٰ عہدے پر فائز افسران بھی دفتر آئیں گے۔ یہ تمام افسران سرکاری گاڑی کا استعمال کرتے ہیں لہذا انہیں آنے جانے میں کوئی دقت نہیں ہوگی۔

واضح ر ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے گزشتہ روز تمام ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے وزرائے اعلی کے ساتھ ویڈیو كانفرنس کے ذریعے میٹنگ کر کے صورتحال کا جائزہ لیا اور كووڈ -19 وبا سے نمٹنے کے لئے آئندہ کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا۔ میٹنگ میں زیادہ تر ریاستوں نے لاک ڈاؤن کی مدت میں دو ہفتے تک توسیع دینے کی درخواست کی ہے۔

ذرائع کے مطابق مرکزی حکومت اس درخواست پر سنجیدگی سے غور کر رہی ہے لیکن ساتھ ہی اس نے ٹھپ پڑے سرکاری مشینری کو چالو کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ اس کے لئے سینئر افسران دفاتر میں آکر منصوبہ بنائیں گے جس سے معیشت کو پٹری پر لانے کی سمت میں کام شروع کیا جا سکے۔

پی ایم مودی نے میٹنگ میں وزرائے اعلیٰ سے کہا کہ پچھلی مرتبہ انہوں نے قوم کے نام خطاب میں کورونا وائرس کی وبا کے پیش نظر کہا تھا کہ اس سے بچنے کے لئے ہموطنوں کو گھروں میں رہنا ہی سب سے بہترین متبادل ہے۔ انہوں نے کہا تھا کہ جان ہے تو جہان ہے لیکن اب ہندوستان کے روشن مستقبل کے لئے خوشحال اور صحت مند ہندوستان کے لئے ’جان بھی جہان بھی‘ ان دونوں پہلوؤں پر توجہ دینا ضروری ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS