منی بس کھائی میں گری،خواتین وبچوں سمیت 12 افراد کی موت،30 زخمی

0

صریر خالد
سرینگر(ایس این بی) سرحدی ضلع پونچھ میں پیش آمدہ ایک بھیانک سڑک حادثے میں درجن بھر افراد مارے گئے جبکہ اس سے دوگنی تعداد میں لوگ زخمی ہیں جن میں سے کم از کم 5 کی حالت نازک ہے۔اس حادثے کو لے کر پورے ضلع میں غم و اندوہ کی لہر دوڑی ہوئی ہے جبکہ لیفٹیننٹ گورنر کے ساتھ ساتھ دیگر کئی شخصیات نے اس پر رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ایل جی نے زخمیوں کی امداد اور مارے جانے والوں کے لواحقین کے حق میں فوری معاوضہ منظور کردیا ہے۔ذرائع نے بتایا کہ ضلع کے براری بالا ساوجیاں کے نزدیک مسافروں سے کھچا کھچ بھری ایک منی بس بظاہر ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوکر لڑھک گئی اور بل کھاتے ہوئے کئی سو میٹر گہری کھائی میں گری اور تباہ ہوگئی۔حادثے کی خبر ملتے ہی مقامی لوگوں،پولیس اور فوج نے بچاو¿ آپریشن شروع کیا جس کے تحت حادثے کا شکار ہونے والوں کو نکالا جانے لگا تو ان میں سے 9 کی یا تو برسر موقع یا پھر اسپتال لے جاتے ہوئے موت واقع ہوئی۔بعدازاں اسپتال میں مزید 3 افراد کی موت ہونے سے مارے جانے والوں کی مجموعی تعداد 12ہوگئی۔مرنے والوں میں کئی خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ کم از کم 30 افراد کو زخمی حالت میں برآمد کیا گیا جن میں سے 5 کی انتہائی نازک حالت دیکھتے ہوئے انہیں ایک فوجی ہیلی کاپٹر کے ذریعہ بہتر علاج کیلئے جموں میڈیکل کالج (جی ایم سی)منتقل کیا گیا۔جی ایم سی جموں میں ایک ڈاکٹر نے کہا کہ ان پانچوں کی حالت انتہائی نازک ہے تاہم ان کا علاج شروع کیا جاچکا ہے اور انہیں بچانے کی ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے۔حادثے میں جان کی بازی ہارنے والے 9 افراد کی شناخت ہو گئی ہے۔ ان میں معروف احمد (14)، بشیر احمد (40)، روزیہ اختر (18)، زرینہ بیگم (40)، محمد حسن (65)، ناظمہ اختر (20)، عمران احمد (5)، عبدالکریم (70) اور عبدالقیوم (40) شامل ہیں۔حادثے کی خبر پانے پر ایل جی منوج سنہا،جو پونچھ کے ہی دو روزہ دورے پر ہیں،نے اسپتال جاکر از خود صورتحال کا جائزہ لینا چاہا تاہم اس موقع پر وہاں ہلکا احتجاج ہوا۔مظاہرین نے الزام لگایا کہ علاقے میں بار بار اندوہناک حادثے پیش آنے کے باوجود بھی یہاں کوئی ٹراما اسپتال موجود نہیں ہے جس کی وجہ سے زخمیوں کو جموں منتقل کرنا پڑتا ہے اور ایسے میں بعض اوقات اضافی اموات رونما ہوتی ہیں۔ایل جی نے تاہم لوگوں کو ان کے مطالبات پر غور کئے جانے کی یقین دہانی کراکے مطمئن کردیا۔ انہوں نے کہا کہ علاقے میں ایک ٹراما اسپتال یا جی ایم سی کا قیام چٹکیوں میں تو نہیں ہوسکتا ہے تاہم سرکار ان سہولیات کے قیام پر غور کرے گی۔ایل جی نے ایک ٹویٹ میں اس حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مارے جانے والوں کے لواحقین کیلئے فی کس 5لاکھ روپے کے معاوضے کا اعلان کیا۔
ملک کی صدر دروپدی مرمو نے پونچھ سڑک حادثے پر غم کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔ صدر نے کہا کہ پونچھ کے ساوجیاں میں دردناک سڑک حادثے میں لوگوں کی موت انتہائی افسوسناک ہے۔ میری تعزیت اور دعائیں سوگوار خاندانوں کے ساتھ ہیں۔ میں زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کرتا ہوں۔ پونچھ کے ساوجیاں میں ایک المناک سڑک حادثے میں جانوں کا ضیاع انتہائی افسوسناک ہے۔ میرے خیالات اور دعائیں سوگوار خاندانوں کے ساتھ ہیں۔ میں زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کرتا ہوں۔وزیر اعظم نے مرنے والوں کے لواحقین کے لیے 2 لاکھ روپے کی امداد کا اعلان کیا۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے پونچھ سڑک حادثہ کو المناک قرار دیا ہے۔ انہوں نے پی ایم این آر ایف کی جانب سے مرنے والوں کے لواحقین کے لیے 2 لاکھ روپے اور زخمیوں کے لیے 50 ہزار روپے کی امداد کا اعلان کیا۔ پی ایم مودی نے کہا، ‘پونچھ میں حادثے میں لوگوں کی موت افسوسناک ہے۔ میری ہمدردیاں ان تمام لوگوں کے ساتھ ہیں جنہوں نے اپنے پیاروں کو کھو دیا ہے۔ میں زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کرتا ہوں۔ PMNRF ہر مرنے والے کے لواحقین کو 2 لاکھ روپے اور زخمیوں کو 50,000 روپے دے گا۔ واضح ہو کہ جموں کے پہاڑی اضلاع،جیسے پونچھ، راجوری، کشتواڑ، ڈوڈہ، رام بن میں آئے دنوں بھیانک حادثے ہوتے رہتے ہیں جن میں کئی لوگوں کی جان چلی جاتی ہے۔ابھی گزشتہ ہفتے کشتواڑ اور ڈوڈہ میں پے در پے ہوئے حادثات میں ایک درجن سے زیادہ اموات ہوئی ہیں۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS