گوہاٹی (یو این آئی) : ہندوستان نے ڈیوڈ ملر (106 ناٹ آؤٹ) کی دھماکہ خیز سنچری کے باوجود جنوبی افریقہ کو دوسرے ٹی20 میچ میں اتوار کو 16 رنوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 2-0 کی ناقابل تسخیر برتری حاصل کر لی۔ ہندوستان نے جنوبی افریقہ کو مقررہ 20 اوورز میں 238 رنوں کا ہدف دیا جس کے جواب میں پروٹیز ٹیم 221 رنز ہی بنا سکی۔ جنوبی افریقہ کو اس بڑے ہدف تک لے جانے کی کوشش کرتے ہوئے ملر نے 47 گیندوں میں آٹھ چوکوں اور سات چھکوں کی مدد سے 106 رنز کی ناٹ آوٹ اننگ کھیلی۔ کوئنٹن ڈی کاک نے ان کا ساتھ دیتے ہوئے 48 گیندوں پر تین چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے ناقابل شکست 69 رنز بنائے ۔ دونوں نے چوتھے وکٹ کے لیے 174 رنز بنائے لیکن پروٹیز کو فتح سے ہمکنار نہ کر سکے ۔ اس سے قبل جنوبی افریقہ کے سامنے 237 رنوں کا اسکورکھڑاکرنے کے لئے سوریہ کمار یادیو نے ٹی 20 انٹرنیشنل میں مسلسل تیسری نصف سنچری جڑتے ہوئے 22 گیندوں پر 61 رن بنائے ۔ لوکیش راہل نے 28 گیندوں پر پانچ چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے 57 رنوں کی اننگ کھیلی، جبکہ وراٹ کوہلی 28 گیندوں پر سات چوکوں اور ایک چھکا کے ساتھ 49 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے ۔ ٹاس ہارنے کے بعد پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے کپتان روہت شرما اور راہل نے ہندوستان کو شاندار آغاز فراہم کیا اور پہلے وکٹ کے لیے 59 گیندوں میں 96 رنز کی شراکت کی۔ سلامی بلے باز پہلے دو اوورز میں وقت لینے کے بعد تیسرے اوور سے حملہ آور ہوئے اورہندوستان نے پاور پلے میں 57 رنز جوڑے ۔ روہت اور راہل کی جوڑی نے ٹی20 انٹرنیشنل میں سب سے زیادہ (15) نصف سنچری شراکت کی ہے ۔ راہل نے 28 گیندوں پر پانچ چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے 57 رنز بنائے جبکہ روہت نے 37 گیندوں پر سات چوکوں اور ایک چھکا لگاتے ہوئے 43 رنوں کی اننگ کھیلی۔ یہ جوڑی میچ کو پروٹیز سے دور لے جا رہی تھی لیکن کیشو مہاراج نے دونوں بلے بازوں کو آؤٹ کر دیا۔ جنوبی افریقہ نے پہلے دو بلے بازوں کو آوٹ کرنے کے بعد سانس بھی نہیں لی تھی کہ سوریہ کمار اور وراٹ کی جوڑی نے تیز رفتار انداز میں رنز بنانا شروع کر دیے۔ دونوں کے درمیان 42 گیندوں پر 102 رنز کی دھماکہ خیز شراکت ہوئی۔ سوریہ کمار نے 22 گیندوں پر پانچ چوکوں اور پانچ چھکوں کے ساتھ 61 رنوں کی ناقابل یقین اننگ کھیلی اور ٹی 20 انٹرنیشنل میں سب سے کم گیندوں (573) میں 1000 رنز مکمل کرنے والے بلے باز بن گئے ۔ کوہلی نے 28 گیندوں پر سات چوکے اور ایک چھکا لگاتے ہوئے کر ناٹ آوٹ 49 رنز بنائے اور ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں 11 ہزار رنز مکمل کرنے والے پہلے ہندوستانی بلے باز بن گئے ۔ سوریہ کمار 19ویں اوور کی پہلی گیند پر رن آؤٹ ہوگئے جس کے بعد کریز پر آئے دنیش کارتک نے ایک چوکا اور دو چھکوں کی مدد سے 17(7) رنز بنا کر ہندوستان کو 20 اوور میں 237 رنز تک پہنچا دیا۔ یہ جنوبی افریقہ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں سب سے بڑااسکور ہے ۔
سنسنی خیز مقابلے میں ہندوستان کی جیت، ملر کی سنچری رائیگاں
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS