میہول چوکسی،نیرو مودی اور وجے مالیہ کی املاک ضبط،مرکزی حکومت اور بینکوں کو منتقل،41فیصد قرض وصولی کی امید

0

نئی دہلی ( ایجنسیاں) : سرکاری بینکوں سے اربوں روپے کے قرض لے کر فرار کاروباریوں وجے مالیہ، نیرو مودی اور میہول چوکسی کے ملک و بیرون ملک میں ضبط 18170.02کروڑ روپے کی املاک میں 9317.17کرور روپے کی املاک بینکوں اور حکومت کو منتقل کردی گئی ہیں۔انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے آج یہ اطلاع دیتے ہوئے کہاکہ ان ملزمین کی ضبط کی گئی املاک کا ایک حصہ بینکوں اور مرکزی حکومت کو منتقل کردیا گیا ہے ۔ ای ڈی کے مطابق ان لوگوں کی 18,170.02کروڑ روپے کی املاک ضبط کی گئی تھیں، جن میں سے 9,371.17کروڑ روپے کی املاک بینکوں اور مرکزی حکومت کو منتقل کردی گئی ہیں۔مرکزی ایجنسی نے کہاکہ وجے مالیہ، نیرو مودی اور میہول چوکسی کے معاملے میں منی لانڈرنگ قانون پی ایم ایل اے کے تحت 18,170.02 کروڑ روپے کی املاک ضبط کی گئی تھیں، جو بینکوں کے مجموعی بقایہ کے 80.45فیصد کے برابر ہیں۔ بینکوں کوہوئے نقصان کی تلافی کے مقصد سے یہ املاک منتقل کی گئی ہیں ۔ای ڈی کے مطابق وجے مالیہ، نیرو مودی اور میہول چوکسی نے اپنی اپنی کمپنیوں کے ذریعہ پیسوں کی ہیراپھیری کی، جس سے بینکوں کو 22,585.83 کروڑ روپے کا نقصان ہوا۔ ای ڈی نے ان ملزمین کی 18,170.02 کروڑ روپے کی املاک ضبط کیں، جن میں سے 969کروڑ روپے کی املاک بیرون ملک تھیں۔
واضح رہے کہ ای ڈی کے ذریعہ ضبط کی گئی املاک 18,170.02 کروڑ روپے کی ہے، جو بینکوں کے کل نقصان کا تقریباً 80.45 فیصد ہے۔ سوشل میڈیا پوسٹ میں ای ڈی نے لکھا کہ مفرور کاروباریوں کے ان املاک کو پریونشن آف منی لانڈرنگ ایکٹ (پی ایم ایل اے) کے تحت ضبط کیا گیاتھا۔ ای ڈی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق تینوں کاروباریوں نے سرکاری بینکوں کا 22585.83 کروڑ روپے کا نقصان کیا ہے۔تینوں مفرور کاروباریوں پر ہزاروں کروڑ روپے کی دھوکہ دہی کے مقدمے چل رہے ہیں۔شراب کاروباری وجے مالیہ پر تقریباً 9ہزار کروڑ روپے کا قرض ہے،جو اس نے اپنی ایئرلائنس کمپنی کنگ فشر کیلئے تھے۔ ہیراکاروباری میہول چوکسی پر پنجاب نیشنل بینک کے ساتھ 13500 کروڑ روپے کا گھوٹالہ کرنے کا الزام ہے۔ برطانیہ کے جیل میں بند نیرو مودی پر بھی پنجاب نیشنل بینک سے ہزاروں کروڑ روپے کی دھوکہ دہی کا الزام ہے۔ وجے مالیہ، نیرومودی اور میہول چوکسی کے خلاف پی ایم ایل اے قانون کے تحت جانچ چل رہی ہے۔ انہیں یوکے، اینٹی گوا اور باربوڈا سے ہندوستان لانے کی کوشش جاری ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS