جتنی قربانیاں دینی تھی دے چکی، اب قربانیاں دینے کا نہیں حساب لینے کا وقت آگیا:مریم نواز
لاہور(ایجنسیاںحکومت پنجاب نے مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کی پیشی کے موقع پر قومی احتساب بیورو (نیب) کے لاہور دفتر کو ‘ریڈ زون’ قرار دینے کی درخواست منظور کرلی۔محکمہ داخلہ پنجاب کے ذرائع کے مطابق صوبائی حکومت کی ذیلی کابینہ کمیٹی برائے امن و امان نے نیب آفس کو ریڈ زون قرار دینے کی منظوری دی۔ذرائع کے مطابق 25 اور 26 مارچ کیلئے رینجرز اور پولیس کی نفری کو بھی نیب دفتر اور گرد و نواح میں تعینات کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔اس سلسلے میں حکومت پنجاب کی جانب سے رینجرز کی خدمات لینے کیلئے وزارت داخلہ کو خط لکھ دیا گیا ہے۔نیب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ 26 مارچ کو مریم نواز کی نیب لاہور میں قانون کے مطابق دو انکوائریوں میں پیشی کے موقع پر مبینہ طور پر نیب کے بعض ملزمان، سیاسی جماعتوں کے کارکنان اور دیگر افراد کی طرف سے نیب لاہور کی عمارت پر چڑھائی کرنے، پتھراؤ، سرکاری فرائض کی انجام دہی میں رکاوٹ پیدا کرنے اور عمارت کو نقصان پہنچانے کی اطلاعات ہیں۔لہٰذا نیب لاہور نے قانون کے مطابق تمام آئینی اقدامات خصوصاً نیب لاہور کی عمارت کی سیکورٹی کو فول پروف بنانے کیلئے قانون نافذ کرنے والے اداروں پولیس اور رینجرز کی معاونت حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔بیان میں کہا گیا کہ مبینہ سیکورٹی خدشات کے پیش نظر نیب لاہور کو ریڈ زون قرار دینے کی متعلقہ حکام سے قانون کے مطابق درخواست بھی کی جارہی ہے۔ نیب نے مریم نواز کو چودھری شوگر ملز کیس اور اراضی کی مبینہ غیر قانونی منتقلی کے کیس میں 26 مارچ کو طلب کر رکھا ہے۔ چودھری شوگر ملز کیس میں بیورو نے مریم نواز کو گزشتہ سات ماہ سے طلب نہیں کیا تھا اور انہیں آخری بار اگست 2020 میں طلب کیا گیا تھا لیکن نیب دفتر کے باہر پولیس اور مسلم لیگ (ن) کے کارکنان کی جھڑپ کے باعث یہ پیشی ہنگامہ آرائی کی نذر ہو گئی تھی۔
مریم نواز کو منی لانڈرنگ اور رائیونڈ میں اراضی کی مبینہ غیر قانونی منتقلی کی نیب کی دو انکوائریز کا سامنا ہے۔دو روز قبل انہوں نے کہا تھا کہ وہ 26 مارچ کو نیب حکام کے سامنے پیش ہوں گی تاہم تنبیہ کی تھی کہ یاد رکھنا کہ وہ وقت گزر گیا جب نیب چاہتا تھا تو اٹھا کر بند کر دیتا تھا، جتنی قربانیاں دینی تھی دے چکیں، اب قربانیاں دینے کا نہیں حساب لینے کا وقت آگیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اب مسلم لیگ (ن) یا مریم نواز شریف نیب یا اس کے پیچھے اس کا مالک عمران خان کے لیے اتنی نرم آسامی نہیں بنے گی پھر تم نے کوئی گڑ بڑ کرنے کی کوشش کی تو ہم بھرپور تمھارا مقابلہ کریں گے۔
مریم نواز کی پیشی پر نیب آفس ریڈ زون قرار
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS