نیو یارک (ایجنسیاں) : گزشتہ روزدنیا کے مختلف ممالک میں فیس بک، وہاٹس ایپ اور انسٹاگرام کی سروس بند ہوگئی تھی، جس کے باعث مارک زکربرگ کو 7 ارب ڈالر کا نقصان ہوا۔میڈیا کمپنی بلوم برگ کے مطابق گزشتہ روزتقریباً 6گھنٹے کیلئے سوشل میڈیا ویب سائٹ فیس بک اورسوشل میڈیا ایپلی کیشن انسٹاگرام اوروہاٹس ایپ تکنیکی خرابی کے باعث بند ہوگئی تھیں، جس کے باعث فیس بک کے بانی مارک زکربرگ کے اسٹاکس 4.9 فیصد گرگئے اورکمپنی کو7 ارب ڈالر کا نقصان اٹھانا پڑگیا۔ اس نقصان کی بڑی وجہ فیس بک کی بندش کے باعث صارفین کا دیگرایپلی کیشن اورویب سائٹس تک رسائی کرنا بھی شامل ہے۔فیس بک کے حصص میں کمی گزشتہ سال نومبرکے بعد ایک دن میں سب سے بڑی کمی ہے، تاہم سروسز بحال ہونے کے بعد اس میں 0.5 فیصد بہتری آگئی ہے۔فیس بک کی اس طرزکی سروس معطلی اپنی نوعیت کی سب سے طویل بندش ہے، جسے آج تک ویب مانیٹرنگ گروپ ڈاؤن ڈی ٹکٹر نے ٹریک نہیں کیا۔زکربرگ نے فیس بک پر کہا کہ ‘فیس بک، انسٹاگرام، وہاٹس ایپ اور میسنجر اب دوبارہ آن لائن ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہا آج ہوئی پریشانی کے لیے معذرت، میں جانتا ہوں کہ آپ جن لوگوں کے بارے میں سوچتے ہیں اور ان کا خیال کرتے ہیں ان سے وابستہ رہنے کیلئے آپ ان خدمات پر کتنے منحصر ہیں۔
فیس بک انتظامیہ کی جانب سے بندش کا الزام کنفی گریشن میں غلط تبدیلی پرلگایا ہے، جس کے باعث فنی خرابی پیدا ہوئی اورمختلف ممالک سے ساڑھے تین ارب صارفین وہاٹس ایپ، انسٹاگرام اور فیس بک استعمال کرنے سے محروم ہوگئے۔کمپنی کی انتظامیہ کی جانب سے واضح نہیں کیا گیا کہ کنفی گریشن پہلے سے طے شدہ تھی یا کس کی جانب سے کی گئی۔فیس بک کے چیف ٹیکنالوجی آفیسرمائیک شروفر نے اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ سروسز کی 100 فیصد بحالی میں کچھ وقت لگ سکتا ہے، ہم پر انحصار کرنے والے تمام چھوٹے اور بڑے کاروبار، خاندانوں اورمنسلک افراد سے میں معذرت خواہ ہوں۔ دوسری جانب سیکورٹی ماہرین کا کہنا تھا کہ ممکن ہے کہ کمپنی میں کام کرنے والے کسی شخص سے نادانستہ طورپرکوئی غلطی ہو گئی ہو،تاہم تاحال کمپنی انتظایہ کی جانب سے کوئی واضح موقف نہیں اپنایا گیا ہے۔ دیگرماہرین کا کہنا ہے کہ فیس بک ویب نظام میں تبدیلی کی وجہ سے مسئلہ پید اہوا۔ فیس بک نے بارڈر گیٹ وے پر وٹوکول میں کئی تبدیلیاں کی تھیں، جس کی وجہ سے فیس بک انٹرنیٹ سے غائب ہوگیا۔
فیس بک،وہاٹس ایپ اور انسٹاگرام کی سروس بند ہونے پر زکربرگ کو 7ارب ڈالر کا نقصان
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS