سری نگر: (یو این آئی) سری نگر کے پائین شہر میں واقع تاریخی جامع مسجد اور دیگر مرکزی حیثیت کی مساجد اورخانقاہوں میں جمعے کے روز ایک بار پھر محراب و منبر خاموش رہے۔تاریخی جامع مسجد کے خطیب و امام مولانا احمد سعید نقشبندی نے یو این آئی اردو کو بتایا کہ مجھے صبح کے دس بجے ہی اطلاع دی گئی کہ حکام نے کورونا وائرس کے پیش نظر جامع مسجد کو ایک بار پھر بند کر دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پھر سننے میں آیا کہ درگاہ حضرت بل،خانیار شریف،خواجہ نقشبند صاحب غرض دوسری بڑی مساجد و خانقاہوں میں بھی نماز جمعہ ادا نہیں کی گئی۔
نوہٹہ،جہاں تاریخی جامع مسجد واقع ہیں،کے مکینوں نے اردو نیوز ایجنسی کو بتایا کہ پولیس اہلکاروں نے جمعے کی صبح ہی اس عبادتگاہ کے اندر جانے والے ریاستوں کو بند کر دیا۔
ان کا مزید کہنا تھا: ‘صرف جامع مسجد کو بند کیا گیا ہے جب کہ جامع مارکیٹ سمیت تمام نزدیکی بازار کھلے ہیں’۔ایسی ہی اطلاعات درگاہ حضرت بل سے بھی موصول ہوئی ہیں۔ تاہم سری نگر کی چھوٹی جامع مساجد اور دیگر اضلاع کی جامع مساجد میں نماز جمعہ معمول کی طرح ادا کی گئی۔ قابل ذکر ہے کہ وادی کشمیر کی سب سے بڑی عبادت گاہ تاریخی جامع مسجد سری نگر کو گزشتہ جمعے کو قریب چار ماہ بعد نماز جمعہ کی ادائیگی کے لئے کھول دیا گیا تھا۔
سری نگرمیں تاریخی جامع مسجد سمیت کئی عبادتگاہیں ایک بار پھر بند
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS