منی پور: ہجوم نے ڈی سی، ایس پی کے دفاتر جلا دیئے، انٹرنیٹ سروس بند

0
منی پور: ہجوم نے ڈی سی، ایس پی کے دفاتر جلا دیئے، انٹرنیٹ سروس بند
منی پور: ہجوم نے ڈی سی، ایس پی کے دفاتر جلا دیئے، انٹرنیٹ سروس بند

امپھال(یو این آئی): منی پور کے چورا چاند پور ضلع میں جمعرات کی رات ایک پرتشدد ہجوم نے ڈپٹی کمشنر (ڈی سی)، پولیس سپرنٹنڈنٹ (ایس پی) اور دیگر سرکاری دفاتر پر حملہ کیا اور انہیں جلانے کی کوشش کی، جس کے نتیجے میں ایک شخص کی موت ہوگئی۔ صورتحال پر قابو پانے کیلئے منی پور حکومت نے جمعہ کو ضلع میں 5دنوں کیلئے انٹرنیٹ خدمات معطل کرنے کا حکم دیا۔

منی پور پولیس نے چورا چاند پور پولیس اسٹیشن میں تعینات ایک ہیڈ کانسٹیبل سیامل پال کو مشتبہ کوکی عسکریت پسندوں کے ساتھ کام کرنے اور میتئی گاؤں والوں پر حملہ کرنے پر معطل کر دیا۔ واضح رہے کہ سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوا ہے، جس میں وہ کوکی عسکریت پسندوں کے ساتھ حملہ کرتے ہوئے نظر آ رہا ہے۔ پولیس نے کہا کہ جمعرات کی رات ایک بھیڑ جمع ہوئی جس نے معطلی کے حکم کو منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا۔

ہجوم نے پرتشدد شکل اختیار کر لی اور ڈی سی اور ایس پی دفاتر سمیت سرکاری انفرااسٹرکچر کو نذر آتش کر دیا۔ پولیس نے بھیڑ پر قابو پانے کیلئے آنسو گیس کے گولے چھوڑے۔ پولیس نے بتایا کہ ریپڈ ایکشن فورس (آر ا ے ایف) اور پولیس نے آنسو گیس کے گولے داغے۔ تصادم میں ایک شخص ہلاک ہوگیا۔ منی پور پولیس نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ آج تقریباً 300-400کے ہجوم نے ایس پی، سی سی پی کے دفتر پر دھاوا بولنے، پتھراؤ وغیرہ کی کوشش کی۔ آر اے ایف سمیت ایس ایف (سکیورٹی فورسز) نے آنسو گیس کے گولے داغ کر مناسب جواب دیا۔ واضح رہے کہ منی پور میں 3 مئی 2023کو کوکی برادری کے لوگوں کے ایک پرتشدد ہجوم نے سرکاری دفاتر کو جلایا اور دیگر نسلی گروہوں کے لوگوں پر حملہ کیاتھا۔ ریاست میں تشدد کی وجہ سے اب تک 60ہزار سے زیادہ لوگ بے گھر اور 200 سے زیادہ لوگ ہلاک ہو چکے ہیں۔

مزید پڑھیں:آنسو گیس کے گولے چھوڑنے والے ڈرون کو کسانوں نے پتنگ کے ذریعے زمین پر گرایا، دیکھیں ویڈیو

دریں اثنا منی پور کے وادی اضلاع میں چلنے والے پٹرول پمپوں نے جمعہ سے 3 دنوں کیلئے کاروبار بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔آئل ڈپو کے ایک منیجر نے بتایا کہ آئل پمپ اتوار تک بند رہیں گے، کیونکہ انتظام مشکل ہو گیا ہے۔ بند ڈپوؤں میں انڈین آئل کارپوریشن لمیٹڈ، بھارت پٹرولیم کارپوریشن لمیٹڈ، ایسر اور نیارا انرجی لمیٹڈ کے ریٹیل آؤٹ لیٹ ڈیلر شامل ہیں۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS