یوپی اے ٹی ایس کے ذریعہ گرفتار افرا د کودہلی پولیس نے کیا رِہا

    0
    image:business standard

    نئی دہلی (اظہار الحسن/ ایس این بی ) : ملک میں دہشت گردی کی منصوبہ سازی کرنے کے الزام کے تحت 3 مبینہ افراد کو اترپردیش اے ٹی ایس نے پکڑنے کا دعویٰ کیا ،لیکن دہلی پولیس نے بدھ کی دیر رات پوچھ تاچھ کے بعد انہیں رہا کردیا۔دہلی پولیں کا کہنا ہے کہ ان میں سے جمیل اور امتیاز کو اتر پردیش پولیس کے ذریعہ انہیں سونپا گیا تھا،جبکہ طاہر سے پوچھ گچھ نہیں ہوئی ہے اور اسے بھی رہا کردیا گیا ۔دہلی پولیس کے اسپیشل سیل کے ڈی سی پی پی ایس کشواہ کا کہنا ہے کہ بدھ کی دو پہرمیں یو پی اے ٹی ایس نے دہشت گردی میں ملوث مبینہ لوگوں کے گرفتار کرنے کی اطلاع دی تھی اورپھر حراست میں لئے گئے لوگوں کو دہلی پولیس کو سونپا تھا ۔ انہوں نے بتایا کہ یو پی اے ٹی ایس کے ذریعہ سونپے گئے جمیل اور امتیاز سے پوچھ گچھ کی گئی اور انہیں چھوڑ دیا گیا ،جبکہ طاہر کو دہلی پولیس کو سونپا نہیں گیا تھا، لیکن اسے بھی چھوڑ دیا گیا ۔ اس سے پہلے منگل کو دہشت گرد ی کے الزام میں 6 لوگ گرفتار کئے گئے تھے ،جن میں سے 2اسامہ اور ذیشان کوپاکستان میں ٹریننگ دیے جانے کی بات کہی گئی تھی ۔پولیس کے ذریعہ مبینہ مدد گار سلیپر سیل کی تلاش میں مہاراشٹر اور دہلی میں چھاپہ ماری کی جا رہی ہے ۔اوکھلا کے جامعہ نگر میں بھی چھاپہ ماری کی گئی اور کئی لوگوں کو حراست میں لینے کی بات سامنے آئی ہے۔
    مہاراشٹر سے اس ٹریول ایجنٹ کو بھی پکڑا گیا ہے ،جس نے محمد شیخ عرف سمیر کالیا کو ممبئی سے دہلی جانے کیلئے ریلوے ٹکٹ بک کیا تھا اوراسے دہلی پولیس نے کوٹا میں سفر کرتے ہوئے ٹرین سے گرفتار کیا تھا ۔فی الحال سیکورٹی ایجنسیوں کے ذریعہ دہشت گردی کے الزام میںگرفتار کئے گئے مبینہ لوگوں سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ دہلی پولیس کی اسپیشل سیل نے منگل کو راجستھان، دہلی اور یو پی سے 6لوگوں کو گرفتار کیا تھا اور اس آپریشن کے بعد گرفتار کئے گئے لوگوں سے ملی جانکاری کی بنیاد پر دہلی ،اتر پردیش اور مہاراشٹر میں چھاپہ ماری کی گئی اور اسی کڑی میں بدھ کو یو پی اے ٹی ایس رائے بریلی کے باشندہ جمیل، پرتاپ گڑھ کے امتیاز اور پریاگ راج کے رہنے والے محمد طاہر عرف مدنی کو حراست میںلیا گیا ۔یو پی اے ٹی ایس کے ذریعہ اتر پردیش سے حراست میں لئے گئے دونوں لوگوں کودہلی پولیس کے اسپیشل سیل کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ اسپیشل سیل نے پوچھ گچھ کے بعد جمیل اور امتیاز کو رہا کردیا۔
    پاک کی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی اور انڈر ورلڈ سے جڑے ہونے کے الزام میں چھ لوگوں کودبوچے جانے اور ان سے پوچھ تاچھ کے بعد اسپیشل سیل،یو پی اے ٹی ایس اور مہاراشٹر اے ٹی ایس نے پریاگ راج ،کانپور ،مہاراشٹر کے دھراوی اور سائن جبکہ اوکھلا کے جامعہ نگر میں چھاپہ ماری کی اور کئی لوگوں کو حراست میں لیا ۔

    سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS