image:NDTV.com

ممتا بنرجی کا شبھندو ادھیکاری کے حوالے سے بی جے پی پر حملہ
کھیجوری(مغربی بنگال)، (پی ٹی آئی): مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ ممتا بنرجی نے مشرقی میدنی پور کے بااثر ادھیکاری خاندان پر نشانہ سادھتے ہوئے ہفتہ کو کہا کہ انہیں اس بات کا سکون ہے کہ آئندہ اسمبلی الیکشن سے پہلے’میر جعفر‘(باغی) پارٹی سے چلے گئے۔ واضح رہے کہ ضلع میں مضبوط سیاسی گرفت رکھنے والے ادھیکاری خاندان کے زیادہ تر ارکان یا تو بی جے پی میں شامل ہو گئے ہیں یا پھر ا نہوں نے بھگوا پارٹی میں جانے کی خواہش ظاہر کی ہے۔ ٹی ایم سی کے سابق رکن اسمبلی شبھندو ادھیکاری پہلے ہی بی جے پی میں شامل ہو چکے ہیں اور نندی گرام سیٹ سے بی جے پی کے امیدوار ہیں۔ ممتا بنرجی اس بار نندی گرام سے الیکشن لڑ رہی ہیں۔
ٹی ایم سی کی سربراہ ممتا بنرجی نے ضلع کے کھیجوری میں انتخابی ریلی کو خطاب کرتے ہوئے بی جے پی کو ’سامراجی زمینداروں کی پارٹی‘بتایا اور الزام لگایا کہ بھگواپارٹی پورے ملک کو بیچنے میں زیادہ دلچسپی دکھا رہی ہے۔ ممتا نے کہا کہ ’بھگوان کا شکر ہے کہ میر جعفر (باغی) (ٹی ایم سی سے) چلے گئے۔ اب جا کر مجھے سکون ملا۔ اس نے ہمیں (پارٹی کو) بچا لیا۔ جب بھی میں نندی گرام، کھیجوری یا کانٹھی آنا چاہتی تھی تو وہ مجھے روک دیا کرتے تھے۔ جیسے کہ وہ یہاں کے زمیندار ہوں۔ اب کوئی مجھے یہاں آنے سے نہیں روک نہیں سکتا۔‘ انہوں نے الزام لگایا کہ بی جے پی نے ریلوے، بی ایس این ایل اور بینکوں کو ’بیچ کر‘ملک کے عوام کے لاکھوں کروڑوں روپے چوری کر لیے۔ ٹی ایم سی کی سربراہ نے کہا کہ ’بی جے پی کو نوٹ بندی کی رقم، پی ایم کیئرس فنڈ کو لے کر پوزیشن واضح کرنی چاہیے۔‘

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS