روزمرہ کے امور نمٹانے کے ساتھ ساتھ اپنے آرام کا بھی خصوصی خیال رکھیں۔اگر آپ کے بال سفید ہورہے ہیں تو ڈپریشن کا شکارنہ ہوں بلکہ کسی بھی خوبصورت رنگ میں اپنے بال ڈائی کروالیں لیکن یہ رنگ آپ کی شخصیت اور قدرتی رنگت سے قریب تر ہونا چاہیے۔یہاں ہم آپ کی گریس فل خوبصورتی اور پرکشش شخصیت کے لیے کچھ تجاویز دے رہے ہیں ان پر ضرور عمل کریں۔ عام طور پر خواتین عمر بڑھنے کے ساتھ ساتھ سستی اور لاپروائی اختیار کر لیتی ہیں، بڑھتی عمر کے ساتھ وہ اس بات کو قبول کر لیتی ہیں کہ اب ان کی شخصیت اور خدوخال خرابی کی ہی طرف جائیں گے۔وزن بڑھ جائے گا، ہر وقت تھکن محسوس ہوگی اور زندگی جوش، جذبے اور خوشی سے خالی ہوجائے گی۔ دراصل ہمارا جسم ہمارے ذہن کے تابع ہوتا ہے اور جو کچھ ہم سوچتے ہیں ویسا ہی محسوس بھی کرتے ہیں۔ آپ نے اکثر محسوس کیا ہو گا کہ جب ہمت ٹوٹتی ہے تو اعصاب بھی جواب دے جاتے ہیں لہٰذا اپنی سوچ کو مثبت بناتے ہوئے خود کو مثبت سرگرمیوں میں مصروف رکھیں۔
چالیس سال کی عمر کے بعد اپنا میڈیکل چیک اپ باقاعدگی سے کرواناچاہیے تاکہ صحت کے بارے میں صحیح معلوم حاصل ہو سکیں مثلاً خون کی کمی ہونا، بلڈ پریشر یا ذیابیطس کا شکار ہو جانا اور اسی طرح کی دوسری بیماریوں کی بروقت تشخیص کو یقینی بنایا جا سکے۔
اگر آپ ملازمت پیشہ خاتون ہیں تو بھی آرام کے لیے وقت نکالیں۔کچھ وقت اپنے اعصاب اور ذہن کو بھی پر سکون ہونے کا موقع دیجیے۔
صفائی کا خصوصی خیال رکھیں، باقاعدگی سے غسل کی عادت اپنائیں اور تروتازگی کے احساس کے لیے کبھی کبھی اینشل باتھ بھی لیں۔
اپنے وزن کو کنٹرول میں رکھیں۔ اپنے قد اور عمر کی مناسبت سے اپنے وزن کو رکھیں۔غیر ضروری ڈائٹنگ نہ کریں، ایسی خوراک کا استعمال کریں جو صحت بخش ہو۔ شکر اور چکنائی کے غیر ضروری استعمال میں محتاط رہیں۔ اسی طرح نمک بھی احتیاط کے ساتھ کریں۔
چہل قدمی کی عادت اپنائیں اور روزانہ کم از کم ایک گھنٹہ ضرور چہل قدمی کریں۔
ہلکی پھلکی ورزش اور یوگا کو اپنے معمول کا حصہ بنالیں، یہ آپ کی صحت اور خوبصورتی کے بہتر ین تاثر کے لیے مددگار ہوگا، لیکن سخت مشقت اور سخت قسم کی ورزش سے اجتناب کریں۔
زیتون کے تیل سے ہاتھوں اور پیروں کا مساج کریں۔ یہ جلد کی رنگت نکھارنے کے ساتھ ساتھ عضلات کو بھی مضبوط بناتا ہے۔اپنے بالوں کا بھی خصوصی طور پر خیال رکھیں۔ ہفتے میں کم از کم 3بار بال شیمپو سے دھوئیں اور کنڈیشنگ کریں۔بالوں اور اس کی جڑوں میں تیل لگا کر ہفتے میں1-2بار مساج کریں۔
ہاتھوں پر ہینڈ لوشن کا استعمال ضرور کریں، روزانہ رات کو ہاتھوں پرلوشن لگا کر مساج کریں۔
اپنے موڈ کوخوشگوار رکھیں، کوشش کریں کہ چہرے پر مسکراہٹ موجود رہے۔خوش رہیں تاکہ آپ کے چہرے پر پژمردگی نظر نہ آئے۔ ہمیشہ مسکراتے رہنا آپ کے چہرے کو شادابی بخشے گا۔عمر کے ساتھ ہونٹ پتلے ہوجاتے ہیں لہٰذا ایسے گہرے میٹ کلر استعمال نہ کریں جن سے آپ کے ہونٹ مزید پتلے نظر آئیں۔ دور جدید کی ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھائیں، اگر آپ کے گھر یا کسی ایسی جگہ پر انٹرنیٹ کی سہولیات موجود ہیں تو آپ ان کا استعمال سیکھیں۔جو چیزیں چھوٹے بچے بھی با آسانی استعمال کر سکتے ہیں، وہ آپ کیوں استعمال نہیں کر سکتیں۔
اکثر خواتین کو دیکھا گیا ہے کہ وہ کمپیوٹر تو بہت دور موبائل فون بھی استعمال کرنا نہیں جانتیں یا ضرورتاً محدود استعمال کرتی ہیں، خود کو ان چیزوں کے استعمال سے آگاہی دیں اور اپنی صلاحیتوں پر یقین رکھیں۔موبائل کے علاوہ کمپیوٹر اور انٹر نیٹ کا استعمال سیکھیں اور اپنی دلچسپی کے مطابق تفریحی اور معلوماتی مصروفیات ڈھونڈیں۔ای-میلنگ، سوشل نیٹ ورکنگ اور سرچنگ کرنا سیکھیں۔ یہاں آپ کو ایک پورا جہان آباد ملے گا لیکن دھیان رکھیں آن لائن دھو کھاکھانے کے علاوہ نقصانات بھی اٹھانے پڑسکتے ہیں لہٰذا ان چیزوں کو تفریح کی حد تک رکھیں یا فیشن سے لے کر مختلف موضوعات وغیرہ اپنی دلچسپی کے مطابق معلومات جمع کریں میک اپ یا نت نئے کھانے بنانا سیکھیں۔
عمر کے ساتھ ساتھ ذہن کا استعمال کم ہوتا جاتا ہے اور عام طور پر خواتین بالکل بھی اپنی ذہنی صلاحیتوں کا استعمال نہیں کرتیں۔ذہن یا دماغ کے لیے یہ بات جدید سائنس سے ثابت ہے کہ جتنا زیادہ ذہن استعمال کیا جاتا ہے، ذہنی صلاحیتیں اتنی ہی زیادہ بڑھتی ہیں۔اگر آپ چاہتی ہیں کہ آپ کی یادداشت عمر کے ساتھ کمزور نہ ہو اور بڑھتی عمر کے ساتھ آپ الزائمر جیسی بیماری سے محفوظ رہ سکیں تو انٹر نیٹ پر اس مقصد کے لیے موجود مختلف گیمز کھیلیں۔آپ کو اس کے حیرت انگیز نتائج محسوس ہوں گے اور آپ کے ذہنی صلاحیتوں میں اضافہ بھی ہوگا
اپنی طرز زندگی کو مثبت انداز دیں
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS