پنے(یو این آئی) : کوئنٹن ڈی کاک کے 46 رن اور دیپک ہڈا کے 34 رن کی شاندار اننگز کے بعد ،دیگر بلے بازوں کی اثردار شراکت اور گیند بازوں کی درست کارکردگی کے بعد لکھنؤ سپر جائنٹس نے جمعہ کے روز آئی پی ایل میچ میں پنجاب سپر کنگس کے خلاف 20 رنوں سے فتح حاصل کی۔ لکھنؤ کی یہ 9میچوں میں چھٹی جیت ہے اور وہ پوائنٹس ٹیبل میں تیسرے نمبر پر آ گئی ہے، جبکہ پنجاب کو9 میچوں میں پانچویں ہار کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ لکھنؤ نے 20 اوور میں 8 وکٹ پر 153 کا چیلنجنگ اسکور بنایا اور پھر پنجاب کو 8وکٹ پر 133 تک سمیٹ دیا۔
پنجاب سپرکنگس نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا۔ کگیسو ربادا نے لکھنؤ کے کپتان لوکیش راہل کو 6رنز پر آؤٹ کیا۔ ڈی کاک اور ہڈا نے دوسرے وکٹ کے لیے 85رنز کی شراکت داری قائم کی لیکن جیسے ہی یہ شراکت ٹوٹ گئی، لکھنؤ کی اننگز ڈگمگا گئی اور انہوں نے 111رنز پر اپنی 6 وکٹیں گنوا دیں۔ ڈی کاک نے 37گیندوں پر 46رنز میں 4چوکے اور 2 چھکے لگائے جبکہ دیپک ہڈا نے 28گیندوں پر 34 رنز میں ایک چوکا اور2 چھکے لگائے ۔ کرونل پانڈیا 7، مارکس اسٹوئنس ایک اور آیوش بدونی 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے لیکن اس کے بعد جیسن ہولڈر نے ایک چھکے کی مدد سے 11رنز، دشمنت چمیرا نے 2چھکوں کی مدد سے 17رنز اور محسن خان نے ایک چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے ناقابل شکست 13رنز بنا کر لکھنؤ کو 153کے فائٹنگ اسکور تک پہنچا دیا۔ پنجاب کے لیے ربادا 38 رن پر 4 وکٹ لے کر سب سے کامیاب رہے جبکہ راہل چہر نے 30رن پر 2وکٹیں حاصل کیں۔
ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے کپتان میانک اگروال 2 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 17گیندوں میں 25رنز بنانے کے بعد دشمنت چمیرا کا شکار بن گئے ۔ شیکھر دھون 5رنز بنانے کے بعد بولڈ ہو گئے۔ بھانوکا راجا پکسے نو پر کرنل پانڈیا کی گیند پر آؤٹ ہوئے ۔ لیونگسٹن 2 چھکوں کی مدد سے 16گیندوں پر 18رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ۔ جونی بیرسٹو نے 28گیندوں میں 5 چوکوں کی مدد سے 32 رنز بنائے اور چمیرا کی گیند پر کرونل کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے ۔جتیندر شرما دو، کاگیسو ربادا 2 اور راہل چہر 4 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے ۔ رشی دھون نے 22گیندوں پر ناقابل شکست 21رنز بنائے لیکن تب تک بہت دیر ہوچکی تھی۔ محسن خان نے 24 رنز کے عوض 3جبکہ چمیرا اور کرونل نے 2-2وکٹیں حاصل کیں۔ پہلے مڈل آرڈر کے بلے بازوں نے آخری چند اووروں میں جارحانہ اننگز کھیل کر لکھنؤ کو باعزت اسکور تک پہنچایا اور پھر انہوں نے ہی گیندبازی کی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو فتح دلائی۔ یہ شکست پنجاب کے لیے بہت تکلیف دہ رہی ہو گی۔ وہ اب بھی پوائنٹس ٹیبل میں ٹاپ فور سے بہت دور ہے۔
آئی پی ایل:لکھنؤ نے پنجاب کو 20رن سے ہرایا
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS