لمبے گھنے،چمکدار بال ، خوبصورتی کا راز

0

بال انسانی حُسن کا بہت بڑا حصہ ہے بال نہ ہوں تو حُسن ماند پڑ جاتا ہے جتنے بال اور جیسے بال،اتنا ہی حُسن،یہ بال ہی ہیں تو جو شاعروں کو حُسن کے قصیدے پڑھنے پر مجبور کرتے ہیں۔لمبے بالوں میں شعراء اُلجھتے،گرتے اور عرض کرتے ہیں کہیں زلف کی گرہ کا بل نہیں کھلتا تو کہیں زلف ہی جنوں کے سلسلے کی طرح دراز ہے۔اُلجھا ہے پاؤں یار کا زلف دراز میں،لو آپ اپنے دام میں صیاد آ گیا۔اپنے بالوں کی صحت اور نشوونما پر یوں توجہ دیں۔
شیمپو کرنے کا طریقہ:اپنے بالوں کو صاف رکھیں مگر انہیں روزانہ شیمپو نہ کریں یوں بال شیمپو کے عادی ہو جائیں گے اور ان پر کیمیکل کے بد اثرات بھی مرتب ہو سکتے ہیں۔بالوں کو جڑوں،کھوپڑی اور گردن سے شیمپو مل کر بالوں کے آخری حصے تک جھاگ منتقل کیا جائے۔میل و گرد و غبار صرف جڑوں میں جمع ہوتا ہے،بالوں کے آخری سروں تک الگ سے شیمپو کرنے کی ضرورت نہیں ہوتی ہے۔بالوں کو دھونے کیلئے کھولتا ہوا پانی ہر گز استعمال نہ کریں۔گرم پانی سے میل کچیل نرم ضرور پڑتا ہے مگر انسانی جلد لوہے کی نہیں بنی ہوتی۔قابل برداشت پانی سے بال دھونا بہتر ہے تاکہ بال دو شاخے نہ ہو جائیں اور خشک ہو کر اپنی چمک نہ کھو دیں۔گرم پانی آپ کے جسم کے درجہ حرارت سے تھوڑا زیادہ گرم ہونا چاہیے۔
برشنگ:گیلے بال 3 گنا کمزور ہوتے ہیں اور آسانی سے ٹوٹتے ہیں لہٰذا اس وقت باریک کنگھی استعمال نہ کریں کھلے دندانوں والی کنگھی زیادہ موزوں رہتی ہے تاکہ بال سلجھ بھی جائیں اور جڑوں کو قدرتی ہوا بھی لگے۔لکڑی کے کنگھے سے بال سلجھائیں اور سنواریں،پلاسٹک کا کنگھا چارج ہو جاتا ہے۔لکڑی کے کنگھے سے روزانہ بالوں کو دیر تک سنوارنا بالوں کی ایک ورزش ہے جو کھوپڑی (Scalp) میں دوران خون کو بڑھا کر بالوں کو صحت مند بنا دیتی ہے۔
موئسچرائزنگ:بالوں کیلئے چھ قسم کے تیل بہترین سمجھے جاتے ہیں ان میں بادام کا تیل سرفہرست ہے۔اس کے بعد کیسٹر آئل،آملہ،زیتون،ناریل اور لیونڈر آئل بھی بہترین مانے جاتے ہیں آپ چاہیں تو ان کی تھوڑی تھوڑی مقدار ملا کر بھی استعمال کر سکتی ہیں۔غسل سے 4 گھنٹے پہلے تیل لگانا مفید ہے،آدھا کپ شہد،ایک سے دو چمچے زیتون کا تیل اور ایک کھانے کا چمچہ انڈے کی زردی ملا کر 25 منٹ کیلئے بالوں میں لگائیں۔اس کے بعد نیم گرم پانی سے بالوں کو دھو لیں۔ہلکے ہاتھوں سے بالوں کو رگڑیں۔کوئی ملیح شیمپو استعمال کرکے بالوں کو دھو لیں اس طریقے پر عمل کرکے دھوپ سے ہونے والے بالوں کے نقصان سے کافی حد تک بچا جا سکتا ہے۔
غذا اور بال:گاجر میں وٹامن A پایا جاتا ہے اس سے نہ صرف بال اچھے رہتے ہیں بلکہ آپ کی کھوپڑی کا وہ حصہ اچھا ہو جاتا ہے جس پر بال اُگتے ہیں،گاجر بالوں کو مضبوط اور چمکدار بناتی ہے۔کھیرے میں سیلیکا پایا جاتا ہے۔اس قدرتی معدن میں بالوں کی گروتھ میں اضافے کرنے کی صلاحت واضح پائی جاتی ہے۔لہٰذا کھیرا سلاد میں شامل رکھا کریں۔
پانی نہ صرف ہماری پیاس بجھاتا ہے بلکہ پیٹ بھرتا ہے اور ہمیں ہائیڈریٹ کرتا ہے۔پانی بالوں کو پودوں کی مانند سیراب بھی کرتا ہے،بال بھی پانی پیتے ہیں خوب پانی پیا کریں اس سے آپ کے بال مزید حسین ہو جائیں گے۔لو فیٹ ڈیری پروڈکٹس میں وٹامن اے کا خزانہ موجود ہے۔اس لئے طبی ماہرین دودھ،دہی اور کاٹیج چیز کو بالوں کیلئے مفید قرار دیتے ہیں۔ سالمن مچھلی کے کیا کہنے اس میں اومیگا 3 اور وٹامن B12 پایا جاتا ہے اس میں فولاد بھی موجود ہوتا ہے یہ تمام چیزیں بالوں کی نشوونما کیلئے بہت ضروری اور مفید ثابت ہوتی ہیں۔وہ تمام سبزیاں آپ کے بالوں کو قوت بخشتی ہیں جو گہرے سبز پتوں کی مالک ہوتی ہیں۔ان میں وٹامن A اور C پایا جاتا ہے۔مثلاً میتھی،پالک وغیرہ۔پھلیاں کھائیں بال بڑھائیں انگریزی میں ایک لفظ Beans بہت سی سبزیوں کے گروپ کا احاطہ کر لیتا ہے مگر اردو میں وضاحت کیلئے لوبیا کی پھلی،مٹر اور دیگر تمام سبزیاں شامل ہیں۔ان کے دانے نکال لیے جائیں یا نرم ہونے کی صورت میں ان پھلیوں کو چھری سے باریک کاٹ لیا جائے یہ پروٹین سے لدی پھدی پھلیاں آپ کے بال حسین بنا دیتی ہی۔
آملہ بالوں کو سمجھیں کرنٹ ہی لگا دیتا ہے۔کہاوت ہے کہ آملے کا کھایا اور سیانے کا سمجھایا،بعد میں اپنا رنگ دکھاتا ہے۔آملے کا مربہ بالوں کو گھنا اور سیاہ کر دیتا ہے۔آملہ اچار کی صورت میں بھی عام استعمال کیا جاتا ہے۔اس کے علاوہ فرائیڈ بھیجا بھی بالوں کیلئے بہت مفید ہوتا ہے۔مغز بکرے کا ہو تو بہت اچھا ہے۔ورنہ گائے کا بھی اچھا ہے۔مغز کی بساند دور کرنے کیلئے اس میں ٹماٹر،لہسن اور ادرک شامل کرکے اسے شیلو فرائی کریں اس میں نمک اور کالی مرچ پاؤڈر چھڑک کر روزانہ استعمال کریں۔مغز بالوں کو دیکھتے ہی دیکھتے بہترین کر دے گا نیز دماغی قوت مہیا کرے گا اور بصارت کو تقویت دے گا اس نسخے کے ساتھ ورزش بہت ضروری ہے۔
بالوں کی تراش،خراش اور انہیں رنگنا:ان خواتین کیلئے جو بال ترشواتی ہیں ہر چھ سے آٹھ ماہ کے بعد انہیں ترشوانا بہتر ہے بالوں کو کسی رنگ میں رنگوانا درست نہیں جہاں تک ممکن بلکہ جہاں تک ناگزیر ہو کم بال سے کم رنگوائیے،مہینے میں دو بار سے زیادہ Dye کرنا بالوں کو نقصان دے سکتا ہے ہیئر ڈائی کے بعد پروٹین ٹریٹمنٹ کروانا بہتر ہوتا ہے۔
صحت پر بھرپور توجہ دیں:تازہ پھل اور سبزی کو خوراک کا حصہ بنائیں۔بال پروٹین سے بنتے ہیں تاہم آپ کو چربی والے گوشت سے مکمل پرہیز کرنا چاہیے مگر گوشت کو بالکل ترک نہیں کرنا ہے۔اناج،پھل،سبزیاں ہر چیز کھائیں اور وٹامن C پر زیادہ توجہ دیں یہ بالوں کو مضبوط کرنے والا وٹامن ہے جو آپ کو سٹرس فوڈ سے ہی مل سکتا ہے۔آئرن یعنی فولاد کا استعمال خون میں آکسیجن پیدا کرتا ہے زنک بالوں کو مضبوط کرتا ہے اور اومیگا 3 فیٹی ایسڈز بالوں کو لمبا،گھنا اور خوبصورت بنا دیتا ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS