image:freepresskashmir.news

سری نگر: (یو این آئی) وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام کے چرار شریف علاقے میں زمین کھسکنے سے کم سے کم نصف درجن دکانیں زمین بوس ہوگئی ہیں۔
مقامی ذرائع نے یو این آئی اردو کو بتایا کہ چرار شریف کے گلشن آباد علاقے میں موسلا دھار بارشوں سے ایک دو منزلہ تجارتی کمپلیکس جس میں پانچ دکانیں اور پانچ کمرے تھے، جمعے کی صبح ڈھہ گیا۔
انہوں نے بتایا کہ کمپلیکس کے ڈھہ جانے سے پانچ دکان زمین بوس ہوئے اور ان میں موجود لاکھوں روپے مالیت کا سامان تباہ ہوگیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس کمپلیکس کی پچھلی دیوار میں پہلے ہی دراڑیں ہوئی تھیں اور موسلا دھار بارشوں کی وجہ سے اس کی بنیاد کھسکنے سے کمپلیکس زائد از ایک ہزار فٹ گہری کھائی میں ڈھہ گیا۔
مذکورہ ذرائع نے بتایا کہ یہ کمپلیکس چرار شریف میں واقع علمدار کشمیر حضرت شیخ نور الدین نورانی (رح) کی زیارت گاہ سے قریب 11 سو فٹ دوری پر واقع ہے۔
دکان مالکان کی شناخت مشتاق احمد آخون، گوہر نذیر شاہ، محمد قاسم بابا اور عرفان بشیر بٹ کے بطور ہوئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ کمپلیکس ڈھہ جانے سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS