نوجوت سدھو حراست میں، اکھلیش متاثرہ کنبوں سے ملے

0
image:amarujala.com

لکھنؤ/ سہارنپور(شاہد زبیری/ایس این بی) : لکھیم پور کھیری کے تکونیا سانحہ میں کلیدی ملزم آشیش مشرا مونو کو بیان درج کرانے کیلئے کرائم برانچ نے جمعہ کو صبح 10بجے طلب کیا ہے۔ پولیس نے اس سلسلے میں جمعرات کی شام مرکزی وزیر مملکت برائے داخلہ اجے مشرا ٹینی کے گھر پر نوٹس چسپاں کردیاہے۔ دوسری طرف پہلے سے اعلان کے مطابق آج پنجاب کانگریس کے صوبائی صدر نوجوت سنگھ سدھو کی ، پنجاب کے وزیروں، ممبرانِ اسمبلی اور تقریباً ایک ہزار کانگریسیوں، سیکڑوں کاروں اور ٹریکٹر ٹرالیوں کے بڑے قافلہ اور لائو لشکرکے ساتھ لکھیم پورکھیری جا نے کی کوشش کو سہارنپور پولیس نے ناکام کردیا اور شاہجہانپور کے یو پی-ہریا نہ باڈ ر پر ان سب کو کو حراست میں لے لیا اور بعد میں سدھو سمیت 17بڑے لیڈران کو گرفتار کرلیا اور تمام گرفتار شدگان کو یہاں سرکٹ ہائوس میں بنا ئی گئی عارضی جیل بھیج دیا ہے۔

گرفتار شدگان میں ٹرانسپور ٹ کے وزیر سمیت کئی وزرا اور ممبرانِ اسمبلی شامل ہیں۔ بعد میں سدھو سمیت 8لیڈروں کو رہا کیاگیا۔ دریں اثنا 6گھنٹے بعد سدھو سمیت 20لیڈروں کو لکھیم پورکھیری جانے کی اجازت ملی۔ ایس پی کے قومی صدر سابق وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو نے تکونیا میں خونیں تصادم کے دوران مارے گئے صحافی رمن کشیپ کے گھر جاکر اظہار تعزیت کیا۔ انہوں نے آنجہانی رمن کشیپ کے والد سمیت تمام سوگوار اہل خانہ کو ڈھارس بندھاتے ہوئے کہا کہ سماجوادی پارٹی کا ہر کارکن اس کنبہ کے ساتھ سپاہی کی طرح کھڑا ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ کسی بھی ضرورت پر ان کے گھر کے دروازے ہمیشہ کھلے ہوئے ہیں۔صحافیوں سے بات کرتے ہوئے اکھلیش یادو نے کہا کہ اس حکومت میں کسانوں اور صحافیوں کو کھلے عام روندا جا رہا ہے۔ مرکزی وزیر مملکت کے بیٹے کی گاڑی سے، جن کاشتکاروں کی موت ہوئی ہے،


ان کے ورثا کو ڈرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ وہ کھل کر انصاف کا مطالبہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکومت اپنے کیے ہوئے وعدے کے مطابق گھر کے کسی فرد کو سرکاری نوکری دینے میں ناکام ہوتی ہے تو ان کی سرکار آتے ہی یہ کام ترجیحی طور پر کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اگر ملزم کی گرفتاری نہیں ہوتی ہے تو اس کے پیچھے سازش رچی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سماجوادی پارٹی مطالبہ کرتی ہے کہ تمام مہلو کین کے ورثاکو 2-2 کروڑ کا معاوضہ دیا جائے۔ مرکزی وزیر مملکت اجے مشر ااپنے عہدہ سے استعفیٰ نہیں دیتے ہیں تو تفتیشی افسر مرکزی وزیر مملکت برائے امور داخلہ ہونے کے ناطے انہیں سلیوٹ ماریں گے۔ ایسے میں منصفانہ جانچ نہیں ہوسکتی ہے۔ ادھر اکھلیش یادو نے پلیا کے چوکھڑا فارم پہنچ کر کاشتکار لوپریت کے سوگوار کنبہ سے ملاقات کی اور اظہار تعزیت کرتے ہوئے ڈھارس بندھائی۔ اکھلیش نے لہبڑی دھورہرا پہنچ کر خونی تصادم میں مارے گئے کاشتکار نچھتر سنگھ کے سوگوار کنبہ سے بھی ملاقات کی ہے۔ ان کے ہمراہ سماجوادی پارٹی کے ضلع صدر رام پال یادو، سابق ضلع صدر محمد قیوم خاں و انوراگ پٹیل موجود رہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS