کسانوں یونین نے بی جے پی لیڈروں کو تہوار اور شادی تقریب میں مدعو نہ کرنے کا اعلان کیا

0
Image:ZEE5

لکھنؤ( عزیز الرحمن خاں،ایس این بی): بھارتیہ کسان یونین کے قومی صدر چودھری نریش ٹکیت نے اعلان کیا ہے کہ کوئی بھی کسان بھائی بی جے پی لیڈروں کو شادی بیاہ و تہوار وغیرہ میں مدعو نہیں کریں گے اور اگر کوئی بی جے پی لیڈروں کو چٹھی(دعوت نامہ) دیتے ہوئے پایا جاتا ہے تو اس کو جرمانہ کے طور پر اگلے ہی روز اپنے گھر پر 100آدمیوں کو بھوجن کرانا ہوگا۔ یہ اعلان بھارتیہ کسان یونین کے صدر دفتر سسولی میں منعقد ماہانہ پنچایت میں یونین سپریمو چودھری نریش ٹکیت نے کرتے ہوئے کہاکہ زرعی قوانین کے خلاف کسانوں کی تحریک اب کسانوں کے مان سمان اور وقار اور پگڑی کا مسئلہ بن چکی ہے اور ہمیں اپنی عزت اور زمین دونوں بچانی ہیں اس لئے اب یہ لڑائی مزید مضبوطی سے لڑی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی والے مغربی بنگال میں بڑے پیمانہ پر جے شری رام کے نعرے لگا رہے ہیں جب کہ شری رام کی نسل کے کسان گزشتہ3ماہ سے غازی پور بارڈر پر پڑے ہوئے ہیں اور بی جے پی حکومت کے پاس ان سے ملنے کاوقت نہیں ہے، مختلف مقامات پر200سے زائد کسان شہید ہوچکے ہیں اور وزیراعظم نے ایک بار بھی کسی شہید کے تئیں اظہار افسوس تک نہیں کیا ہے۔ انہوں نے حکومت کو انتباہ دیتے ہوئے کہا کہ جب تک کسانوں کے مطالبات پورے نہیں ہوںگے کسان ڈٹے رہیں گے۔انہوں نے اتر پردیش میں لا اینڈ آرڈر کے حالات قابو سے باہر بتاتے ہوئے کہاکہ حکومت ہر محاذ پر ناکام ہو چکی ہے۔ علاوہ ازیں دیگر یونین لیڈروں نے بھی اظہارِ خیال کرتے ہوئے مرکزی و ریاستی حکومتوں کو ہدف تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے آڑے ہاتھوں لیا۔ ماہانہ پنچایت میں ہزاروں کی تعداد میں کسانوں نے شرکت کی۔ دوسری جانب ملک کی مختلف ریاستوں میں بھی زرعی قوانین کے خلاف کسان مہاپنچایت کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔ نئے زرعی قوانین کے خلاف جھارکھنڈ کی راجدھانی رانچی کے مورہا بادی میدان میں آئندہ 17مئی کو کسان مہا پنچایت کا انعقاد کیا جائے گا۔ دار الحکومت رانچی کے سی پی آئی دفتر میں بایاں محاذ کسان سنگھرش کوآڑ ڈینیشن کمیٹی کا اجلاس پارٹی کے ریاستی سکریٹری گوپی کانت بخشی کی صدارت میں جمعہ کو ہوئی جس میں اہم طور سے سی پی آئی کے ریاستی سکریٹری اور سابق رکن پارلیمنٹ بھونیشور پرساد مہتا ، سی آئی ایم ایل کے ریاستی سکریٹری جناردن پرساد ، پرفل لنڈا، مھلتیش سنگھ سمیت دیگرافراد موجود تھے ۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS