نئی دہلی :ارجنٹائنا کے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر ڈیاگو میراڈونا کا انتقال دل کا دورہ پڑنے کے سبب ہوا۔ وہ 60برس کے تھے۔ ۔ میراڈونا کی کچھ عرصہ قبل دماغ کی سرجری کے لئے اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا ،سرجری کامیاب رہی اور علاج کے بعد میراڈونا کو دو ہفتے قبل اسپتال سے رخصت کردیا گیا تھا۔ دراصل نومبر میں ان کے دماغ کی شریان کی کامیاب سرجری ہوئی تھی اور ان کی شراب کی لت کا بھی علاج ہوا تھا۔ میراڈونا اپنے زمانے کے عظیم فٹبالر رہے ہیں اور ان کی کپتانی میں ارجنٹائنا نے 1986 کا عالمی کپ جیتا تھا۔ اس جیت میں ان کی انفرادی کارکردگی کا زبردست دخل تھا۔انھوں نے اپنے فٹبال کے کیریئر کے دوران بارسیلونا اور نیپولی کے لیے بھح کھیلا تھا اور اطالوی سائیڈ کےدو سیریز اے ٹائٹل بھی جیتے تھے۔ فٹ بال کی تاریخ کے سب سے بڑے کھلاڑی ڈیاگو میراڈونا کی موت پرمرکزی وزیر کھیل کرن رجیجو ،کانگریس رہنما راہل گاندھی اور بی سی سی آئی کے صدر سوربھ گانگولی سمیت مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے متعدد افراد نے خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
وزیر کھیل رجیجو نے ٹویٹ کیا کہ اب کوئی اور میراڈونا پیدا نہیں ہوگا۔
انہوں نے ٹویٹ کیا’’اب کوئی اور میراڈونا دوبارہ پیدا نہیں ہوگا۔ وہ پہلا فٹ بال سپراسٹار ہے جسے ہم نے ٹیلی ویژن پر براہ راست دیکھاتھا ۔ میں کبھی فٹ بال کے شہنشاہ پیلے اور بے مثال گارینچہ کو براہ راست کھیلتے ہوئے نہیں دیکھ سکا لیکن میں اتنا خوش قسمت ہوں کہ مجھے میراڈونا کے جادو کو براہ راست دیکھنے کا موقع ملا!’فٹ بال کے بھگوان‘کو خراج عقیدت‘‘۔
کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے ان کی موت پر خراج عقیدت پیش کیا ۔راہل نے ٹویٹ کیا’’ڈیاگو میراڈونا،ایک افسانوی شخصیت چھوڑ کر چلی گئی۔ وہ ایک جادوگر تھے جس نے بتایا کہ فٹ بال کا کھیل اتنا خوبصورت کیوں ہے۔ ان کے اہل خانہ، دوستوں اور مداحوں سے میری تعزیت‘‘۔
بی سی سی آئی کے صدر سوربھ گانگولی نے ٹوئٹ کر کے میراڈونا کو یاد کیا ۔ انہوں نے کہا’’میرا جینیس اب ہمارے درمیان نہیں رہا۔ میں صرف آپ کے لئے فٹ بال دیکھتا تھا‘‘۔
ہندوستان میں’کرکٹ کے بھگوان‘کا درجہ حاصل کرنے والے سچن تند ولکر نے بھی ٹویٹ کیا اور ڈیاگو میراڈونا کو خراج تحسین پیش کیا۔
تندولکر نے ٹوئٹ کیا’’فٹ بال اور کھیلوں کی دنیا نے آج ایک عظیم کھلاڑی کو کھو دیا۔ آپ ہمیشہ یاد کئے جائیں گے‘‘۔
کرن رجیجو،راہل گاندھی اور گنگولی اور متعدد افراد نے میراڈونا کو خراج عقیدت پیش کی
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS