یمن کے امن کیلئے اقوام متحدہ کے ساتھ تعاون کریں گے: شہزادہ خالد

0
english.aawsat.com

ریاض (ایجنسیاں) : سعودی عرب کے نائب وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز نے باور کرایا ہے کہ یمن میں امن کو یقینی بنانے اور تنازع کو ختم کرنے کے لیے مملکت اقوام متحدہ کے ساتھ اپنا قریبی تعاون جاری رکھے گی۔شہزادہ خالد نے یہ بات ہفتے کے روز اپنی ایک ٹویٹ میں کہی۔ ٹویٹ میں انہوں نے یمن کے لیے اقوام متحدہ کے نئے خصوصی ایلچی ہانز گرونڈبرگ کو ان کے تقرر پر مبارک باد پیش کی۔
یاد رہے کہ اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انتونیو گوٹریس نے جمعہ کے روز سویڈن سے تعلق رکھنے والے سفارت کار ہانز گرونڈبرگ کو یمن کے لیے اپنا نیا خصوصی ایلچی مقرر کرنے کا اعلان کیا تھا۔ وہ مارٹن گریفتھس کی جگہ لیں گے۔ گریفتھس کو گزشتہ ماہ اقوام متحدہ میں انسانی امور کا رابطہ کار مقرر کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔ سویڈش سفارت کار کو بین الاقوامی امور میں 30 برس سے زیادہ کا تجربہ ہے۔ وہ 15 برس سے زیادہ عرصہ سے تنازعات طے کرانے، ثالثی اور مذاکرات کا تجربہ رکھتے ہیں۔ مشرق وسطی ہانز کی توجہ کا محور رہا ہے۔ وہ 2019 سے یمن میں یورپی یونین کے سفیر کے طور پر کام کر رہے تھے۔ سویڈش سفارت کار نے اسٹاک ہوم میں اپنے دفتر خارجہ کے ماتحت گلف سیکشن کی صدارت بھی کی ہے۔ یہ اس وقت کی بات ہے جب سویڈن اقوام متحدہ کے مذاکرات کی میزبانی کر رہا تھا۔ اس کے نتیجے میں 2018 کے دوران اسٹاک ہوم معاہدہ طے پایا۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS