کجریوال نے کہا کہ زرعی قوانین کسانوں کیلئے ڈیتھ وارنٹ ہیں

0
Image: Deccan Herald

میرٹھ:میرٹھ کسان مہاپنچایت میں پہنچے دہلی کے وزیراعلیٰ اروند کجریوال نے بی جے پی کو جم کر نشانہ بنایا۔ انہوں نے کسانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ تینوں زرعی قوانین کسانوں کیلئے ڈیتھ وارنٹ ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ایسے میں ہر کسان مزدور بن جائے گا۔ انہوں نے مزید کہاکہ گزشتہ 25سال میں تقریباً ساڑھے تین لاکھ کسان خودکشی کرچکے ہیں۔ اب کسان دہلی کے بارڈر پر شہادت کیوں دے رہے ہیں؟، کیونکہ ان کی زندگی اور موت کا سوال ہے۔ سب کی کھیتی سرمایہ کاروں کے ہاتھ میں چلی جائے گی اور کسان اپنے ہی کھیت میںمزدور بن جائے گا۔ کجریوال نے کہاکہ تمام پارٹی کی سرکاروں نے 70برسوں میں کسانوں کو دھوکہ دیاہے۔ کسان 70 سال سے اپنی فصل کا صحیح دام مانگ رہے ہیں۔ سبھی کے انتخابی منشور میں لکھا ہوگا کہ ہم جیتیں گے تو صحیح دام دے دیں گے، لیکن اگر صحیح قیمت دے دیتے تو کسان خودکشی نہیں کرتا۔ انہوں نے کہاکہ آج ملک کا کسان بہت زیادہ ڈرا اورسہما ہوا ہے۔ کسان بھی کنبہ سمیت 95دنوں سے سخت سردی میںدہلی کے بارڈر پر دھرنا پر بیٹھا ہے۔ 250 سے زیادہ کسان بھائیوں کی شہادت ہوچکی ہے، لیکن سرکار پر اس کا کوئی اثر نہیں ہے۔ کجریوال نے کہاکہ کسانوں پر لاٹھیاں برسائی جارہی ہیں، کیلیں ٹھونکی جارہی ہیں، ایسا تو انگریزوں نے بھی ہمارے کسانوں پر اتنے ظلم نہیں کیے تھے۔ بی جے پی نے تو انگریزوں کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔ اب یہ ہمارے کسانوں پر فرضی مقدمے کررہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ بی جے پی نے 2014 کے انتخابی منشور میں کہا تھا کہ ہم سوامی ناتھن رپورٹ نافذ کریں گے، جس کے بعد کسانوں نے انہیں جم کر ووٹ دیا، لیکن اس کے بعد جو ہوا، وہ سب کے سامنے ہے۔ انہوں نے کسانوں کو دھوکہ دیاہے۔انہوں نے کہاکہ مرکز نے 9اسٹیڈیم کو جیل بنانے کیلئے مکتوب بھیجا تھا، لیکن ہم نے فائل کلیئر نہیں کیا، اگر ہم جیل بنادیتے تو وہ کسانوں کو وہاں قید کرلیتے اور پوری تحریک ختم ہوجاتی۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS