نئی دہلی،(یو این آئی) دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے راجدھانی میں جمنا کے پانی کی سطح میں اضافہ کے لیے ہریانہ حکومت کو ذمہ دار قرار دیتے ہوئے مرکزی حکومت سے اس معاملے میں مداخلت کرنے کی اپیل کی ہے۔
مسٹر کیجریوال نے ٹویٹ کیاکہ “مرکزی آبی کمیشن نے آج رات جمنا کے پانی کی سطح 207.72 میٹر تک پہنچنے کی پیش گوئی کی ہے۔ یہ دہلی کے لیے اچھی خبر نہیں ہے۔ دہلی میں پچھلے دو دنوں سے بارش نہیں ہوئی ہے، لیکن ہریانہ کی طرف سے ہتھنی کنڈ بیراج سے بھاری مقدار میں پانی چھوڑنے سے جمنا کی سطح آب بڑھ رہی ہے۔ مرکز سے اپیل ہے کہ وہ اس معاملے میں مداخلت کرے اور ہریانہ حکومت سے اس بات کو یقینی بنائے کہ جمنا کے پانی کی سطح مزید نہ بڑھے۔
انہوں نے کہا کہ دہلی میں جمنا کی اونچائی آج 207.55 میٹر تک پہنچ گئی، جس نے 1978 میں قائم 207.49 میٹر کا اپنا ہی ریکارڈ توڑ دیا۔ وزیر اعلیٰ نے جمنا کے پانی کی سطح میں اضافہ کے پیش نظر ہنگامی میٹنگ بلائی ہے۔
آبپاشی اور سیلاب کنٹرول کے وزیر سوربھ بھاردواج نے کل کہا تھا کہ دہلی حکومت کسی بھی صورت حال سے نمٹنے کے لیے تیار ہے اور زیر آب علاقے سے لوگوں کا انخلاء شروع کر دیا گیا ہے۔ متاثرہ علاقوں میں رہنے والے لوگوں کو دہلی کے مختلف اضلاع میں قائم کیمپوں میں منتقل کیا جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ محکمانہ افسران کو حساس علاقوں میں چوکس رہنے اور ضروری کارروائی کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ دریں اثنا، ڈوبنے والے علاقے میں لوگوں کی مدد کے لیے کوئک رسپانس ٹیمیں اور کشتیاں تعینات کر دی گئی ہیں۔
My letter to Union Home Minister on Yamuna flood levels… pic.twitter.com/dqDMLWuIfe
— Arvind Kejriwal (@ArvindKejriwal) July 12, 2023