کشمیر: چلہ کلان کے آخری ہفتے میں موسم خشگوار،درجہ حرارت میں بہتری

    0

    سری نگر: وادی کشمیر میں شہنشاہ زمستان چلہ کلان کے 40 روزہ دور اقتدار کے آخری ہفتے کے دوران جمعرات کے روز جہاں موسم خشک اور دن میں دوپہر تک ہلکی دھوپ رہی۔ وہیں درجہ حرارت میں بھی بہتری ہوئی، جس کے باعث لوگوں کو سردی کی شدت سے قدرے راحت نصیب ہوئی۔ محکمہ موسمیات نے وادی میں 23 سے 28 جنوری تک مجموعی طور پر موسم خشک رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔ ادھر وادی کا بیرون ممالک کے ساتھ زمینی وفضائی رابطہ بحال و برقرار ہے۔ ہائی وے ذرائع کے مطابق وادی کو ملک کے دوسرے حصوں کے ساتھ جوڑنے والی سری نگر، جموں قومی شاہراہ پر جمعرات کے روز ٹریفک کی نقل وحمل جاری وساری رہی۔ شاہراہ پر جمعرات کے روز گاڑیوں کو سری نگر سے جموں جانے کی اجازت دی گئی۔ وادی کشمیر میں شہنشاہ زمستان چلہ کلان کے 40 روزہ دور اقتدار کا آخری ہفتہ چل رہا ہے۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ  سڑکوں کے کناروں پر جمع حالیہ برف پگھل جانے سے سڑکوں پر پانی جمع ہونے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان کے مطابق وادی میں مطلع ابر آلود رہنے کی وجہ سے درجہ حرارت میں بہتری واقع ہوئی ہے، جس کے باعث صبح کے وقت آبی ذخائر یا نل وغیرہ منجمد نہیں ہوئے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ کشمیر کے دارالخلافہ سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 0.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ وادی کے مشہور زمانہ سیاحتی مقامات پہلگام اور گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت بالترتیب منفی 12.2 ڈگری سینٹی گریڈ اور منفی 11.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ لداخ یونین ٹریٹری کے ضلع لیہہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 18.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ دراس میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 24.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔ وادی کے سرحدی ضلع کپواڑہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 5.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ قاضی گنڈ اور کوکرناگ میں کم سے کم درجہ حرارت بالترتیب منفی 0.4 ڈگری سینٹی گریڈ اور منفی 2.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
     

    سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS