کشمیر: بارہمولہ میں جنگجوئوں کے حملے میں تین سکیورٹی فورسز اہلکار جاں بحق

    0

    کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے کریری میں پیر کی صبح جنگجوئوں نے سیکورٹی فورسز کی ایک مشترکہ پارٹی پر حملہ کر کے سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کے دو اہلکاروں اور جموں و کشمیر پولیس کے اسپیشل پولیس آفیسر (ایس پی او) کو ہلاک کر دیا۔
    جموں و کشمیر پولیس کے ایک ترجمان نے حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اس میں شدید زخمی ہونے والے تین سکیورٹی فورسز اہلکار ہلاک ہوگئے ہیں۔
    انہوں نے کہا، 'بارہمولہ کے کریری میں جنگجوئوں نے پولیس اور سی آر پی ایف کی ایک مشترکہ ناکہ پارٹی پر فائرنگ کی۔ دو سی آر پی ایف اور ایک جموں و کشمیر پولیس اہلکار شدید زخمی ہوئے۔ انہیں ہسپتال لے جایا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔ علاقے میں تلاشی آپریشن جاری ہے'۔
    مہلوک سی آر پی ایف اہلکاروں کی شناخت کانسٹیبل ڈرائیور خورشید خان اور کانسٹیبل شرما لاوکش کے طور پر ہوئی ہے۔ مہلوک ایس پی او کی شناخت مظفر احمد کے بطور کی گئی ہے۔
    واضح رہے کہ وادی میں گزشتہ چار دنوں کے دوران سکیورٹی فورسز پر ہونے والا یہ دوسرا بڑا حملہ ہے۔ قبل ازیں 14 اگست کو سری نگر کے مضافاتی علاقے نوگام میں ہونے والے جنگجویانہ حملے میں جموں و کشمیر پولیس کے دو اہلکار ہلاک جبکہ تیسرا زخمی ہوگیا تھا۔
    سرکاری ذرائع نے بارہمولہ کے کریری میں پیر کی صبح ہونے والے حملے کی تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ جنگجوئوں نے سکیورٹی فورسز کی ایک مشترکہ پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ کی۔
    انہوں نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے جوابی فائرنگ کی اور طرفین کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ کچھ دیر تک جاری رہا۔
    سرکاری ذرائع نے بتایا کہ جنگجوئوں کی ابتدائی فائرنگ میں دو سی آر پی ایف اہلکار اور ایک ایس پی او زخمی ہوئے۔ اگرچہ انہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہوسکے۔
    انہوں نے مزید کہا کہ علاقے کو چاروں اطراف سے محاصرے میں لیکر تلاشی آپریشن شروع کیا گیا ہے۔

    سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS