سری نگر میں قائم فوج کی پندرہویں کور کے جنرل آفیسر کمانڈنگ (جی او سی) لیفٹیننٹ جنرل بی ایس راجو نے کہا ہے کہ اہلیان کشمیر کو داعش اور القاعدہ جیسی شدت پسند تنظیموں کی آئیڈیالوجی پسند نہیں ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ بے شک ایسی تنظیمیں کشمیر میں اپنے قدم جمانے کی کوششیں کر رہی ہیں لیکن عوامی سپورٹ نہ ہونے کی وجہ سے ان تنظیموں کو مستقبل قریب میں کامیابی ملنا مشکل ہے۔
لیفٹیننٹ جنرل بی ایس راجو نے ایک نیوز چینل کو دیئے گئے اپنے ایک انٹرویو کے دوران کہا کہ 'میں کئی برسوں سے کشمیر میں ہوں۔ میں بھی اسلاملک سٹیٹ جموں وکشمیر اور القاعدہ کے بارے میں سنتا آیا ہوں۔ بے شک ایسی تنظیمیں کشمیر میں اپنے قدم جمانے کی کوشش کرتی ہیں لیکن انہیں کامیابی نہیں مل پائی ہے
انہوں نے کہا: 'مثال کے طور پر انصار غزوۃ الہند جس کی قیادت معروف ملی ٹنٹ کمانڈر ذاکر موسیٰ کر رہے تھے، کو تقریباً ختم کیا جاچکا ہے۔ اس تنظیم کے امسال سات ملی ٹنٹ مارے گئے ہیں اب چند ایک ہی بچے ہیں۔ اسلامک سٹیٹ (داعش) جموں وکشمیر کے نو ملی ٹنٹ مارے گئے ہیں'۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ 'میرا ماننا ہے کہ ان تنظیموں کی آئیڈیالوجی کشمیریوں کو پسند نہیں ہے۔ مجھے نہیں لگتا ہے کہ مستقبل قریب میں یہ تنظیمیں کشمیر میں لوگوں کو اپنی طرف متوجہ کرنے میں کامیاب ہوں گی'۔