کشمیر:بین الاقوامی ہوائی اڈہ بھی برف باری سے متاثر

    0

    سری نگر:شدید برف باری کے سبب وادی کشمیر کا بیرون دنیا سے زمینی رابطہ مسلسل چوتھے دن بھی معطل رہا۔ سری نگر کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر فضائی خدمات بعد از دوپہر بحال ہوئیں۔ شمالی کشمیر کے بارہمولہ اور جموں خطہ کے بانہال کے درمیان چلنے والی ریل خدمات بھی مسلسل دوسرے دن بھی معطل رکھی گئیں۔ ایئرپورٹ ذرائع نے بتایاکہ 'جمعرات کی صبح رن وے پر جممہ برف ہٹائی گئی جس کے بعد فضائی ٹریفک بھی دوپہر کے بعد بحال ہوا۔ تاہم صبح کی تمام پروازوں کو منسوخ کرنا پڑا'۔
    ریلوے ذرائع نے بتایا کہ ریل پٹریوں پر برف جمع رہنے کی وجہ سے شمالی کشمیر کے بارہمولہ سے جموں خطہ کے بانہال کے درمیان ریل خدمات جمعرات کے روز بھی معطل رہیں۔
    انہوں نے کہا:'پٹریوں پر برف جمع رہنے کی وجہ سے ہمیں جمعرات کو بھی سبھی ریل گاڑیاں منسوخ کرنی پڑیں۔ موسم میں بہتری اور پٹریوں پر سے برف ہٹانے کے بعد ریل خدمات کو بحال کیا جائے گا'۔ٹریفک پولیس ذرائع کے مطابق وادی کو بیرون دنیا سے جوڑنے والی سری نگر –جموں قومی شاہراہ پر گاڑیوں کی آمدورفت  کو بھی معطل رہی۔ برف باری اور بارش کے سبب شاہراہ پر کئی مقامات پر پتھر اور مٹی کے تودے گر آئے تھے۔ موسم میں بہتری اور تودوں کا مبلہ ہٹائے جانے کے بعد شاہراہ پر گاڑیوں کی آمدورفت بحال کی جائے گی تاہم پہلے درماندہ گاڑیوں کو ہی اپنی اپنی منزلوں کی طرف جانے کی اجازت دی جائے گی'۔
    سری نگر –لیہہ شاہراہ اور تاریخی مغل روڑ سال گزشتہ کے ماہ دسمبر سے مسلسل بند ہیں جن پر ماہ اپریل میں ہی ٹریفک کی نقل وحمل بحال ہونا ممکن ہے۔ سری نگر جموں قومی شاہراہ پر ٹریفک متاثر رہنے سے وادی میں جہاں پیٹرول اور رسوئی گیس کی شدید قلت پیدا ہوگئی ہے وہیں بازاروں میں اشیاء  كے قیمت بھی یکایک آسمان چھونے لگی ہے۔
    لوگوں کا الزام ہے کہ حکومتی دعوئوں کے برخلاف وادی کے پیٹرول پمپ خشک ہیں جبکہ گیس ایجنسیاں شاہراہ بند ہونے کا بہانہ بنا کر گیس فراہم کرنے سے انکار کررہی ہیں۔
    خراب موسمی حالات کے بیچ وادی میں سبزیوں، گرم ملبوسات اور جوتوں کی قیمتوں میں ہوئے یکایک بے تحاشا اضافے سے لوگ پریشان ہیں۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ جوتے بیچنے والے دکاندار، سبزی فروش اور گرم ملبوسات فرخت کرنے والے دکاندار لوگوں کو دو دو ہاتھوں لوٹنے میں کوئی لیت ولعل نہیں کررہے ہیں۔
    وادی میں جمعرات کو موسم خشک رہا وہیں فضائی ٹریفک بھی ایک دن کی معطلی کے بعد بحال ہوا۔

    سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS