یونیفارم سول کوڈ کا نفاذ کرناٹک حکومت کے زیر غور:بومئی

0

شیموگا، (پی ٹی آئی) :کرناٹک کے وزیراعلیٰ بسو راج بومئی نے کہا ہے کہ ان کی سرکار یکسانیت کو یقینی بنانے کے لیے ریاست میں یونیفارم سول کوڈ (یو سی سی) کو نافذ کرنے پر عزم کے ساتھ غور کر رہی ہے۔ جمعہ کو یہاں اپنے پارٹی کارکنوں کو خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ آئین کی تمہید مساوات اور بھائی چارے کی بات کرتی ہے۔ یو سی سی کو نافذ کرنے کے اپنے عزم کی تصدیق کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’… ہم دین دیال اپادھیائے کے وقت سے یونیفارم سول کوڈ کے بارے میں بات کر رہے ہیں۔ ملک میں قومی اور ریاستی سطح پر اس سلسلے میں سنجیدگی کے ساتھ غور ہو رہا ہے۔ صحیح وقت آنے پر اسے نافذ کرنے کا بھی ارادہ ہے۔‘ انہوں نے کہا کہ ’… ہم یہ بھی غور کر رہے ہیں کہ اسے اپنی ریاست میں کیسے (نافذ) کیا جائے۔‘ بومئی نے کہا کہ ریاستی سرکار اسے نافذ کرنے کے لیے سبھی ضروری اقدام کرے گی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ’میں بہت واضح طور پر کہنا چاہتا ہوں کہ ہم نہ صرف ان چیزوں کی تشریح کریں گے جو لوگوں کی بہبود کو ممکن بنا سکتی ہے اور یکسانیت لا سکتی ہے بلکہ اسے نافذ کرنے کے لیے تدابیر بھی کریں گے۔‘
کرناٹک میں بی جے پی سرکار نے جو تبدیلی مذہب مخالف قانون پیش کیا ہے، اس پر بومئی نے کہا کہ کئی لوگوں نے اسے غیر آئینی کہا لیکن اب سپریم کورٹ نے ایک حکم پاس کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ جبراً مذہب کی تبدیلی ایک جرم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’جب بھی ہم سماج میں یکسانیت لانے کے لیے اصلاح شروع کرنے کے بارے میں سوچتے ہیں تو اکثر اس کی غلط تشریح کی جاتی ہے۔‘ ملک کی کچھ بی جے پی کے زیر اقتدار ریاستوں جیسے آسام اور اتراکھنڈ نے یونیفارم سول کوڈ کو نافذ کرنے کی اپنی خواہش ظاہر کی ہے۔ وزیراعلیٰ نے یہ بھی کہا کہ ان کی پارٹی کا ٹھوس یقین ہے کہ عقیدت مندوں کو مندروں کا مینجمنٹ کرنا چاہیے۔ آنے والے دنوں میں اس سمت میں انتظامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ صرف بی جے پی ہی اقدار پر مبنی سیاست کر سکتی ہے، درج فہرست ذات/ درج فہرست قبائل (ایس سی/ ایس ٹی) کے لیے ریزرویشن بڑھانے کے لیے کیے گئے اقدامات ’انقلابی‘ تھے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS