پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں کارگل کے شہیدوں کو خراج تحسین پیش

0
News Track English

نئی دہلی: (یو این آئی) کارگل فتح کی 22 ویں سالگرہ کے موقع پرلوک سبھا نے پیر کے روز کارگل میں شہید ہونے والے ملک کے بہادر فوجیوں کے اعزاز میں چند لمحوں کی خاموشی اختیار کرکے انہیں خراج تحسین پیش کیا۔
لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا نے صبح 11 بجے ایوان کی کارروائی کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ “آج ہم ہندوستانی مسلح افواج کی بہادری اورقربانی کی یاد میں کارگل کی فتح کی 22 ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔ اس موقع پر یہ ایوان ہندوستانی فوجیوں کی ناقابل تسخیر جرات، بہادری کو سلام پیش کرتا ہے جو کارگل کی جنگ جیتنے کے لئے اپنے فرائض سرانجام دیتے ہوئے دور رس رکاوٹوں، ناموافق علاقے اور موسم نیز اونچائی پر موجود دشمن پر قابو پایا تھا۔ قوم ان تمام شہداء کے تئیں احسان مند ہے جنھوں نے اس مقصد کے لئے سب سے بڑی قربانی اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ ہم ان شہدا کے اہل خانہ سے بھی اظہار تشکر کرتے ہیں جنہوں نے قوم کی خاطر اپنوں کو کھودیا۔
اس کے بعد تمام ممبران کچھ دیرخاموش کھڑے رہے اور قوم کی سلامتی اور وقار کے لئے شہید ہونے والے بہادروں کے تئیں احترام کا اظہارکیا۔
دوسری جانب راجیہ سبھا میں بھی آج کارگل جنگ کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔
چیئرمین ایم وینکیا نائیڈو نے ایوان کی کارروائی کے آغاز کے موقع پر کہا کہ آج کارگل جنگ کی فتح کا دن ہے۔ اس جنگ میں، فوجیوں نے مشکل حالات میں ناقابل یقین جرات کا مظاہرہ کیا۔ ان کی بہادری آنے والی نسلوں کو متاثر کرے گی۔ ایوان بالا میں بھی ممبران نے کھڑے ہوکر شہید فوجیوں کے تئيں احترام کا اظہار کیا۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS