جسٹس رمن نے 48 ویں سی جے آئی کے عہدے کا حلف لیا

0

نئی دہلی : (یو این آئی) جسٹس این وی رمن نے ہفتے کے روز ملک کے 48 ویں چیف جسٹس (سی جے آئی) کی حیثیت سے حلف لیا۔
صدر رام ناتھ کووند نے راشٹرپتی بھون میں منعقدہ ایک مختصر تقریب میں جسٹس رمن کو عہدے کا حلف دلایا۔
اس موقع پر نائب صدر ایم وینکیا نائیڈو ، وزیر اعظم نریندر مودی ، وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ ، وزیر قانون و انصاف روی شنکر پرساد سمیت متعدد مرکزی وزراء اور سپریم کورٹ کے جج موجود تھے۔ اس دوران کورونا انفیکشن کے پیش نظر بڑےپیمانے پر متعلقہ رہنما ہدایات پر عمل کیا گیا۔
کووند نے آئین کے آرٹیکل 124 کی شق 2 میں دیئے گئے اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے جسٹس رمن کو نیا چیف جسٹس مقرر کیا۔ جسٹس رمن نے جسٹس شرد اروند بوبڈے کی جگہ لی ، جن کی مدت کار کل ختم ہوگئی۔
جسٹس رمن نے سائنس اور قانون میں گریجویشن کے بعد 10 فروری 1983 سے وکالت کے پیشے کا آغاز کیا۔ اپنے قانونی کیریئر کے دوران ، انہوں نے نہ صرف آندھرا پردیش ہائی کورٹ میں بلکہ مرکزی انتظامی ٹریبونل (سی اے ٹی) اور سپریم کورٹ میں بھی پریکٹس کی۔
انہیں 27 جون 2000 میں آندھرا پردیش ہائی کورٹ کا مستقل جج مقرر ہونے کے بعد 13 مارچ سے 20 مئی 2013 تک اسی ہائی کورٹ کا قائم مقام چیف جسٹس مقرر کیا گیا تھا۔ بعد میں انھیں ترقی دے کر 2 ستمبر 2013 کو دہلی ہائی کورٹ کا چیف جسٹس مقرر کیا گیا تھا۔ 17 فروری 2014 کو انہیں عدالت عظمی میں ترقی دی گئی۔ جسٹس رمن 26 اگست 2022 کو ریٹائر ہوں گے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS