صحافی روشن علی فرشتہ صفت انسان تھے

0

نئی دہلی (ایس این بی) : سنیئر صحافی روشن علی کے ایصال ثواب کے لئے پرانی دہلی میں ایک میٹنگ منعقد کی گئی جس کی صدارت ڈاکٹر سید احمد خان نے کی ۔ قرآن خوانی کا اہتمام علامہ رفیق ٹرسٹ کے صدر مقصود احمد کے سینٹر سوئی والان میں صحافی محمد اویس کی قیادت میں کیا گیا، جس میں دہلی کی معروف شخصیات سمیت دہلی کے صحافیوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر صحافی عامر سلیم خان نے مرحوم کی زندگی کے مختلف گوشوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ روشن علی با اثر اور قوم کے تئیں بے لوث خادم تھے۔وہ ملی مسائل کو ترجیحی بنیاد پر حل کرنے اور پیش پیش رہنے کے لئے تمام رفقاء اور ماتحتوں کو اپنے اڑیل رویوں سے قائل کرتے تھے۔ صحافی محمد اویس نے کہا کہ روشن علی صاحب کی زندگی بھی نام کی طرح روشن تھی۔اپنے ساتھیوں کو اپنے علم کے ذریعے ہمیشہ روشن کرتے رہے۔ وہ اپنی زندگی میں ساتھ کام کرنے والوں سے یہی کہتے رہے کہ جو بھی کرو ایمانداری سے کرو۔یہی ان کو سچی خراج عقیدت ہوگی کہ ان کے اصولوں پر کام کیا جائے۔صحافی منہاج احمد قاسمی نے کہا کہ مرحوم روشن علی سے جب ہماری پہلی ملاقات ہوئی تو ایسا محسوس ہوا کہ وہ ہم سے بے زار ہیں لیکن بعد میں پتہ چلا کہ وہ ہمیں بہت کچھ سمجھانا چاہ رہے تھے۔ اپنے دوستوں کے تئیں فرشتہ صفت انسان تھے۔وہ مردم شناس سمیت مردم ساز بھی تھے۔ یہ تقریب کمیونٹی سینٹر سوئی والان غفار نہاری والے کے عقب میں منعقد ہوئی۔ جس میں مقصود احمد ، حاجی ارشاد قریشی ، ارمان ، سرفراز علی ،محمد شہزاد ،سید وسیع امام ،محمد اقبال، وسیم صدیقی ، پروفیسر افسر علی ، حکیم عطاء الرحمن اجملی ، اقبال احمد، فراز احمد، گلزار احمد وغیرہ نے مرحوم روشن علی کے حیات و خدما ت پر اپنے خیالات پیش کیے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS