انڈین انسٹیٹیوٹ آف ٹکنالوجی کے داخلہ امتحان جے ای ای-ایڈوانسڈ کے نتائج کا اعلان

0

نئی دہلی، (پی ٹی آئی) : انڈین انسٹیٹیوٹ آف ٹکنالوجی (آئی آئی ٹی) کے داخلہ امتحان جے ای ای-ایڈوانسڈ کے نتائج کا اتوار کو اعلان کر دیا گیا، جس میں ممبئی زون کے آر کے ششر نے اوّل مقام حاصل کیا ہے۔ حکام نے یہ جانکاری دی۔ امتحان منعقد کرنے والے آئی آئی ٹی ممبئی کے مطابق ششر کو 360 میں سے 314 نمبر ملے ہیں۔ خواتین میں دہلی زون کی تنشکا کابرا 277 نمبروں کے ساتھ پہلے مقام پر رہیں۔ آل انڈیا سطح پر ان کی 16 ویں رینک ہے۔ اس امتحان میں 1.5لاکھ سے زائد امیدوار بیٹھے تھے اور 40,000 سے زائد امید واروں نے کامیابی حاصل کی ہے۔ آئی آئی ٹی ممبئی کے ایک سینئر افسر نے کہا کہ ’جے ای ای (ایڈوانسڈ) 2022 کے پہلے اور دوسرے پیپر میں 1,55,538 امیدوار بیٹھے تھے۔ مجموعی طور پر 40,712 امیدواروں سے امتحان پاس کیا جن میں سے 6,516 طالبات ہیں۔‘ انہوں نے کہاکہ ’آئی آئی ٹی ممبئی زون کے آر کے ششر نے کامن رینک لسٹ (سی آر ایل) میں پہلا مقام حاصل کیا۔ انہوں نے 360 میں سے 314 نمبر حاصل کیے۔ آئی آئی ٹی دہلی زون کی تنشکا کابرا سی آر ایل میں 16 ویں مقام کے ساتھ خواتین کے زمرے میں پہلے مقام پر رہیں۔ انہیں 360 میں سے 277 نمبر ملے۔‘ ششر کے بعد پولو لکشمی سائی لوہت ریڈی دوسرے اور تھامس بیجو چیرام ویلی تیسرے مقام پر رہے۔ پہلے 10 میں شامل امیدواروں میں ونگاپلی سائی سدھارتھ، مینک موٹوانی، پولی سیٹی کارتکیے، پرتیک ساہو، دھیرج کروکونڈا، ماہت گاندھی والا اور ویتواگیان مہیش شامل رہے۔
آئی آئی ٹی ممبئی کے عہدیدار نے کہا کہ ’کل نمبروں کی گنتی ریاضی، فزکس، کیمسٹری میں حاصل نمبروں کے جوڑ کی بنیاد پر کی جاتی ہے۔ امیدواروں کو امتحان پاس کرنے کے لیے ضروری مجموعی نمبروں کے ساتھ ہی ہر سبجکٹ میں پاس ہونے لائق نمبر لانے ہوتے ہیں۔‘ ملک بھر کے انجینئرنگ کالجوں میں داخلے کا امتحان جے ای ای-ایڈوانسڈ دینے کے لیے جی ای ای-مین میں پاس ہونا ضروری ہوتا ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS