جموں کشمیر: کولگام تصادم میں ایک جنگجو ہلاک، آپریشن جاری

    0

    جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام کے ارہ علاقے میں سیکورٹی فورسز اور جنگجوؤں کے مابین جاری تصادم میں ایک جنگجو ہلاک ہوا ہے جس کی شناخت اور تنظیمی وابستگی فی الوقت معلوم نہیں ہو سکی ہے۔
    جموں وکشمیر پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ کولگام میں ہفتے کو دوپہر کے وقت چھڑنے والے تصادم میں اب تک ایک جنگجو مارا گیا ہے جس کی شناخت معلوم کی جارہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ علاقے میں آپریشن جاری ہے۔
    ایک رپورٹ کے مطابق مسلح تصادم میں ایک جونیئر کمیشنڈ افسر (جے سی او) سمیت دو فوجی اہلکار زخمی ہوئے ہیں جنہیں علاج ومعالجہ کے لئے سری نگر میں واقع فوجی ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
    سرکاری ذرائع نے بتایا کہ جنگجوؤں کے پناہ لینے کی اطلاع ملنے پر فوج کی 34 آر آر، سی آر پی ایف اور پولیس کی ایک ٹیم مشترکہ ٹیم نے کولگام کے ارہ علاقے کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کردیا۔
    انہوں نے کہا کہ تلاشی آپریشن کی ایک ٹیم جوں ہی جنگجوؤں کی جائے پناہ کے نزدیک پہنچی تو وہاں موجود جنگجوؤں نے اس پر فائرنگ شروع کردی جس کے نتیجے میں طرفین کے درمیان تصادم چھڑ گیا۔
    آخری اطلاعات موصول ہونے تک تصادم میں ایک جنگجو ہلاک ہوا تھا جس کی شناخت اور تنظیمی وابستگی ابھی معلوم نہیں ہوسکی ہے۔

     

    سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS