پلوامہ میں آئی ای ڈی دھماکہ، ایک سی آر پی ایف اہلکار زخمی، دوسرا آئی ای ڈی ناکارہ بنا گیا

    0

    جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے گانگو نامی علاقے میں اتوار کی صبح ہونے والے ایک بم دھماکے میں سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کا ایک اہلکار زخمی ہوگیا ہے۔
    جموں وکشمیر پولیس کے ایک ترجمان نے بم دھماکے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا: 'پلوامہ میں ایک کم شدت کا آئی ای ڈی دھماکہ ہوا جس میں ایک سی آر پی ایف اہلکار کے ہاتھوں میں چوٹیں آئیں'۔
    انہوں نے مزید کہا: 'زخمی اہلکار کی حالت خطر سے باہر ہے۔ سینئر سیکورٹی عہدیداروں نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا ہے'۔
    ایک مقامی خبر رساں ایجنسی کے این او نے سرکاری ذرائع کے حوالے سے کہا ہے کہ ضلع پلوامہ کے گونگو میں جنگجوئوں نے یہ آئی ای ڈی ایک درخت کے نیچے نصب کیا تھا۔
    انہوں نے کہا ہے کہ آئی ای ڈی دھماکے کے بعد جائے وقوعہ پر فائرنگ بھی ہوئی جس کی وجہ سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
    ایجنسی نے سی آر پی ایف کے ترجمان جنید خان کے حوالے سے کہا ہے کہ یہ آئی ای دھماکہ اُس وقت ہوا جب وہاں سے سی آر پی ایف کا ایک قافلہ گزر رہا تھا۔
    انہوں نے کہا ہے کہ علاقے کو محاصرے میں لیکر آئی ای ڈی نصب کرنے والے جنگجوئوں کی تلاش شروع کردی گئی ہے۔
    بتادیں کہ جموں و کشمیر پولیس سربراہ دلباغ سنگھ نے رواں برس 23 جون کو کہا تھا کہ جیش محمد کے جنگجو ایک بار پھر ایک بہت بڑا آئی ای ڈی دھماکہ کرنے کی تاک میں بیٹھے ہیں لیکن سیکورٹی فورسز ہر محاذ پر پوری طرح تیار ہیں اورجنگجوؤں کے ان منصوبوں پر پانی پھیر دیا جائے گا۔
    قابل ذکر ہے کہ گذشتہ سال 14 فروری کو ضلع پلوامہ کے لیتہ پورہ علاقے میں وادی میں وقوع پذیر ہونے والا اپنی نوعیت کا سب سے بڑا خود کش حملہ پیش آیا تھا جس کے نتیجے میں نہ صرف سی آر پی ایف کے زائد از  40 اہلکار از جان ہوئے تھے بلکہ ہندوستان اور پاکستان جنگ کی دہلیز تک پہنچ گئے تھے۔

     

    سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS