جہانگیر پوری تشدد معاملہ میں مزید 3 ملزمین گرفتار

0

نئی دہلی (ایس این بی) : جہانگیرپوری علاقہ میں گزشتہ ماہ ہنومان جینتی کے موقع پر جلوس کے دوران ہوئے فرقہ وارانہ تشدد کے معاملہ میں پولیس نے مزید 3 ملزمین کو گرفتار کیا ہے۔ حکام نے ہفتہ کو یہ معلومات دی۔ اس کے ساتھ ہی اس معاملے میں پولیس نے اب تک 3 نابالغ سمیت 36 لوگوں کو گرفتار کیا ہے۔ گرفتار ملزمین کی شناخت ظہیر خان عرف جلیل (48)، انابل عرف شیخ (32)اور تبریز (40) کی شکل میں کی گئی ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ ظہیر خان اور انابل تشدد کے دن سے ہی فرار تھے۔
پولیس نے کہا کہ ان کی شناخت سی سی ٹی وی فوٹیج اور عینی شاہدین کے بیانات کی بنیاد پر کی گئی، ان پر الزام لگایاگیا ہے کہ دونوں تشدد میں ملوث تھے۔ دونوں ملزمین نے اپنے موبائل فون بند کر رکھے تھے اور بار بار اپنی لوکیشن تبدیل کر رہے تھے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ سی سی ٹی وی فوٹیج میں جلیل کو پستول دکھاتے ہوئے دیکھا گیا اور اس بات کی تفتیش کی جائے گی کہ آیا اس نے فائرنگ کی تھی یا نہیں۔ انابل جھڑپوں میں ملوث تھا۔ پولیس نے دعویٰ کیا کہ تبریز تشدد میں ملوث تھا۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS