جہانگیر پوری تشدد معاملہ: ملزمین کی پولیس حراست میں توسیع

0

نئی دہلی (پی ٹی آئی) دہلی کی ایک عدالت نے ہفتہ کو ان 5ملزمان کی پولیس حراست کی مدت 8دنوں کے لئے بڑھا دی ہے جن کے خلاف 16اپریل کو جہانگیر پوری میں ہونے والے تشدد کے سلسلے میں قومی سیکورٹی قانون کے تحت معاملہ درج کیا گیا تھا۔ تشدد کے مبینہ ’اہم سازش کار‘ انصار کے علاوہ سونو، سلیم، اہیر اور دلشاد کو ان کی حراست کی مدت ختم ہونے پر میٹروپولیٹن مجسٹریٹ مینک گوئل کے سامنے پیش کیا گیا جنہوں نے پانچوں کو 8دن کے لئے مزید پولیس حراست میں بھیج دیا۔ سونو کو تشدد کے متعلق ایک ویڈیو میں گولی چلاتے دیکھا گیا تھا۔ دریں اثنا عدالت نے ملزم سانور کالیا، صدام خان، انور، چاند اور سلمان کے خلاف غیر ضمانتی وارنٹ جاری کیا۔ پولیس نے عدالت کو ان سبھی کے فرار ہونے کی جانکاری دی تھی۔ عدالت نے کہا کہ ’ملزمین کو 8دن کی پولیس حراست میں بھیجا جاتا ہے۔ انہیں یکم مئی کو ویڈیو کانفرنسنگ کے توسط سے پیش کیا جائے۔‘ بحث کے دوران پولیس نے عدالت کو بتایا کہ گرفتار کئے گئے پانچوں ملزمان سے آگے کی پوچھ گچھ کرنا اور سبھی معاون ملزمین کا ایک دوسرے کا آمنا سامنا کرانا ضروری ہے۔ پولیس نے کہا کہ واقعہ کی کڑیوں کو جوڑنے، ہر ملزم کا کردار سمجھنے، مبینہ جرم میں استعمال غیر قانونی ہتھیاروں کا وسیلہ جاننے اور معاملے میں شامل دیگر ملزمین تک پہنچنے کے لئے ملزمان کی حراست ضروری ہے۔ استغاثہ فریق نے عدالت سے کہا کہ ’جرم میں شامل سبھی ملزمین سے مسلسل پوچھ گچھ کی ضرورت ہے۔‘

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS