آئرلینڈ نے ویسٹ انڈیز کو ورلڈکپ سے باہر کردیا

0

ہوبارٹ (یو این آئی) :آئرلینڈ نے گیریتھ ڈیلانی (16/3) کی شاندار گیند بازی کے بعد ٹاپ آرڈر کی خطرناک بلے بازی کی بدولت آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے اپنے پہلے راؤنڈ میچ میں جمعہ کو ویسٹ انڈیز کو نو وکٹوں سے شکست دی۔
دو مرتبہ کی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی چمپئن ویسٹ انڈیز شکست کے ساتھ ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئی جبکہ آئرلینڈ نے ہندوستان، پاکستان، جنوبی افریقہ اور بنگلہ دیش کے ساتھ سپر 12 کے دوسرے گروپ میں جگہ بنا لی۔
گروپ بی کے میچ میں ویسٹ انڈیز نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے برینڈن کنگ (ناٹ آؤٹ 62) کی نصف سنچری کی بدولت پانچ وکٹوں کے نقصان پر 146 رنز بنائے ۔ آئرلینڈ نے 147 رنز کا ہدف 17.3 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
پال اسٹرلنگ اور اینڈریو بالبرنی کی اوپننگ جوڑی نے آئرلینڈ کو ایک دھماکہ خیز آغاز فراہم کیا اور 7.3 اوورز میں 73 رنز کی شراکت کی۔ کپتان بلبرنی 23 گیندوں پر 37 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے ، جس میں تین چوکے اور اتنے ہی چھکے شامل تھے ، جس کے بعد اسٹرلنگ نے وکٹ کیپر لورکن ٹکر کے ساتھ دوسری وکٹ کی شراکت میں 77 رنز بنا کر ٹیم کو 15 گیندیں باقی رہ کر ہدف تک پہنچا دیا۔ اسٹرلنگ نے 48 گیندوں پر چھ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے ناٹ آؤٹ 66 رنز بنائے ۔ ٹکر کو 17 کے اسکور پر ایک نئی زندگی ملی اور اس کا بھرپور فائدہ اٹھایا، انہوں نے 35 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 45 رنز بنائے جس میں دو چوکے اور دو چھکے شامل تھے ۔
اس سے قبل ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا لیکن کائل میئرز کی وکٹ جلد گنوادی۔ جانسن چارلس نے کچھ اچھے شاٹس کھیلے لیکن وہ بھی 18 گیندوں پر 24 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے ۔ چوتھے نمبر پر بلے بازی کے لیے آتے ہوئے کنگ نے یہاں سے ویسٹ انڈیز کی اننگز کو سنبھالا اور آخری اوور تک وکٹ پر کھڑے رہے ۔ کنگ نے 48 گیندوں پر چھ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے ناٹ آؤٹ 62 رنز بنائے ۔ دوسرے سرے پر ایون لیوس (13)، نکولس پورن (13) اور روومین پاول (06) ان کا ساتھ دینے میں ناکام رہے اور چھوٹے اسکور پر پویلین لوٹ گئے ۔ اوڈین اسمتھ نے 12 گیندوں پر ایک چوکے اور دو چھکوں کی مدد سے 19 رنز بنائے ۔
ڈیلانی نے آئرلینڈ کے لیے شاندار بولنگ کرتے ہوئے لیوس اور پوران کے ساتھ پاول کی خطرناک وکٹ حاصل کی۔ اس نے بلے بازوں کو میدان کے ایک بڑے حصے پر شاٹس کھیلنے پر مجبور کیا لیکن کوئی بھی فیلڈر کو پار نہ کر سکا۔ مارک ایڈیر اور سمی سنگھ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS