آئی پی ایل 19 ستمبر سے ،حکومت کی منظوری کا انتظار

0

نئی دہلی: بےشمار دولت سے مالا مال انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) کا 13 واں سیزن 19 ستمبر سے 10 نومبر کے درمیان متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں ہوگا لیکن ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) کو اس کے لئے حکومت کی منظوری کا انتظار ہے۔
رواں سال 29 مارچ سے آئی پی ایل کا انعقاد ہونا تھا لیکن کورونا وائرس کے سبب لاک ڈاؤن اور سفری پابندی کے باعث بی سی سی آئی نے اسے غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کردیا تھا۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے ذریعے اکتوبر ونومبر میں آسٹریلیا میں ہونے والے ٹی 20 ورلڈ کپ 2021 تک ملتوی کئے جانے کے بعد ستمبر سے نومبر تک آئی پی ایل کے لئے ونڈو مل گئی  جس سے ایونٹ کے انعقاد کی راہ ہموار ہوگئی۔
آئی پی ایل کی گورننگ کونسل کے چیئرمین برجیش پٹیل نے بتایا کہ آئی پی ایل کا انعقاد 19 ستمبر سے متحدہ عرب امارات میں ہوگا اور اس کا  فائنل 8 یا 10 نومبر کوکھیلا جائے گا۔ تاہم بی سی سی آئی کو اس کے لئے حکومت ہند کی منظوری کا انتظار ہے۔ آئی پی ایل کے حوالے سے قطعی فیصلہ جلد کیا جائے گا۔
پٹیل نے اس ہفتے کے شروع میں کہا تھا کہ انہیں ٹورنامنٹ کے انعقاد کی اجازت مل جائے گی اور انہوں نے تین اہم مقامات دبئی ، ابو ظبی اور شارجہ کی تصدیق کی ہے۔ پٹیل نے کہا کہ ٹورنامنٹ کی تاریخوں سے آئی پی ایل کی گورننگ کونسل کے ممبروں کو آگاہ کردیا گیا ہے لیکن انہوں نے اس بات کی تصدیق نہیں کی کہ اسٹیئرنگ کونسل کا اجلاس کب طے ہوگا جب کہ قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں کہ اجلاس اس ہفتے کے آخر میں ہوسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بایو سیکیور ماحول ٹورنامنٹ کے اہم ایونٹ کا سب سے اہم نقطہ ہے اور فرنچائز کو اس کے بارے میں فیصلہ کرنے کے بعد جلد مطلع کیا جائے گا۔سمجھا جاتا ہے کہ  فرنچائزز کو صرف تاریخوں کے بارے میں بتایا گیا تھا اور انھیں بتایا گیا ہے کہ ان کے بارے میں مزید تفصیلات جلد بتا دی جائیں گی۔
متحدہ عرب امارات میں مقابلوں کے انعقاد کا ایک بڑا فائدہ یہ ہے کہ وہاں قرنطینہ کا مسئلہ آسان ہے۔ فی الحال جو بھی متحدہ عرب امارات کا سفر کرتا ہے اس کے پاس پرواز سے پہلے ٹیسٹ کا نتیجہ منفی ہونا ضروری ہے اور وہ وہاں پہنچنے کے بعد دوبارہ ٹیسٹ کرائے گا۔ اگر دونوں ٹیسٹ منفی ہوں گے تو پھر قرنطینہ میں رہنے کی ضرورت نہیں ہے۔ لیکن اگر کوئی شخص ٹیسٹ کرائے بغیر پرواز کرتا ہے تو اس کے لئے قرنطینہ میں رہنا لازمی ہوگا۔
آئی پی ایل میں 60 میچ ہوں گے اور 8 نومبر کو فائنل ہونے کی صورت میں ٹورنامنٹ 51 دن کا ہوگا۔ یہ ٹورنامنٹ اپنے اصل شیڈول میں 50 دن کا تھا اور ایک ہی دن میں دو میچ کم ہی ہونے تھے اور اسی صورتحال کو متحدہ عرب امارات میں بھی برقرار رہنا ہے۔
دیکھنا یہ ہے کہ آیا آئی پی ایل کے شام کے میچ آٹھ بجے سے ہوں گے یا ساڑھے سات بجے سے شروع کیے جائیں گے تاکہ میچ آدھی رات سے آگے نہ جائیں۔
8 یا 10 نومبر کو ہونے والے آئی پی ایل کے فائنل کے ساتھ ہی ہندوستانی کھلاڑیوں کو آسٹریلیا میں قرنطینہ میں دو ہفتوں تک رہنے کا پورا موقع ملے گا۔ ہندستان کو 3 دسمبر سے آسٹریلیا میں چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلنی ہے۔
 

 

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS