دہلی کی شاندارجیت، ہار کے بعد بھی بنگلورپلے آف میں

0

گیندبازوں کی شاندارکارکردگی اور اجنکیا رہانے (60)اور اوپنر شکھر دھون (54)کی ہاف سنچریوں کی مدد سے دہلی کیپٹلس نے پیر کو رائل چیلنجرس بنگلور کو6وکٹ سے ہرادیا۔ اس جیت کے ساتھ دہلی کی ٹیم نے 16پوائنٹس کے ساتھ پلے آف کے لیے کوالیفائی کیا،جب کہ بنگلور نے 14پوائنٹس کے ساتھ بہتر نیٹ ریٹ کی بنیاد پر پلے آف کا ٹکٹ حاصل کرلیا۔اوپنر دیودت پڈکل کی ہاف سنچری کے بعد اے بی ڈی ویلئرس کی عمدہ پاری کے باوجود رائل چیلنجرس بنگلور کی ٹیم 20اوور میں7وکٹ پر152رن ہی بناسکی۔ پڈکل نے 50رن کی پاری کھیلی جبکہ ڈی ویلئرس نے 21گیند میں دو چھکوں اور ایک چوکے کی مددسے 35رن بنائے۔ کپتان وراٹ کوہلی نے بھی 29رن بنائے۔ حالانکہ ٹیم پوری پاری کے دوران رن کی رفتارمیں بڑھانے کے لیے جدوجہد کرتی رہی۔ 
دہلی کے اوپنر شکھر دھون پھر فارم میں نظر آئے اور انہوں نے 37گیندوں پر ہاف سنچری بنائی۔ انہوں نے اجنکیا رہانے(60)کے ساتھ دوسرے وکٹ کے لیے 88رن کی بہترین شراکت کی۔ دھون 41گیندوں پر 6چوکوں کی مدد سے 54رن بناکر شاہ بازاحمدکا شکاربنے۔ دھون موجودہ سیزن میں 2سنچری بھی لگاچکے ہیں۔ رہانے نے بھی 60رنوں کی شاندار پاری کھیلی اور وہ پاری کے 18ویں اوور میں واشنگٹن سندر کی گیند پر شیوم دوبے کو کیچ تھما بیٹھے ۔ رہانے نے46گیندوں پر 5چوکے اورایک چھکا لگایا۔ کیپٹن شریس ایر(7)بھی شاہ بازاحمد کا شکار بنے۔ شریشبھ پنت 8اور مارکس اسٹائنس 10رن بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
153رن کے ٹارگیٹ کا پیچھا کرنے اتری دہلی کو پہلا جھٹکا جلد ہی لگ گیا  اور پیسر محمد سراج نے اپنے پہلے ہی اوور (پاری کے دوسرے) میں وکٹ لے لیا۔ دہلی کے اوپنر پرتھوی ساؤ (9)پھر سے فلاپ ثابت ہوئے اور انھیں سراج نے اپنی شاندار ان سوینگر پر بولڈ کردیا۔ انہوں نے 6گیندوں کی اپنی چھوٹی سی پاری میں2چوکے لگائے۔
دہلی کے کپتان شریس ایر نے ٹاس جیت کر پہلے گیندبازی کرنے کا فیصلہ کیا جس کے بعد گیندبازوں نے جوش فلپ اور پڈکل کی سلامی جوڑی کو کھل کر نہیں کھیلنے دیا۔ پاری کا پہلا چوکا ڈینیل سیمس کے تیسرے اوور میں فلپ نے مارا جب کہ اگلے اور میں پڈکل نے بھی نوترجے پر چوکا جڑا۔ تجربہ کار گیندبازربادا نے پانچویں اوور میںاپنی پہلی ہی گیند پر فلپ کو کورس میں پرتھوی ساؤ کے ہاتھوں کیچ کرا دیا۔ انھوں نے 12رن بنائے۔
کپتان وراٹ کوہلی نے چھٹے اوور میں نوترجے پراپنا پہلا چوکا جڑا جب کہ اسی اوور میں پڈکل نے بھی گیند کو باؤنڈی لگائی جس سے ٹیم نے پاور پلے میں ایک وکٹ پر 40رن بنائے۔ بنگلور کی ٹیم نے آٹھویں اوور میں ہاف سنچری پوری کی۔پاور پلے کے بعد اشون اوراکشرکی اسپن جوڑی نے بنگلور کی ٹیم پرشکنجہ کسا۔
پاور پلے کے بعد بنگلور ٹیم 4اوور میں ایک ہی چوکالگاسکی اور مسلسل بڑھتے دباؤ کے درمیان10ویں اوور میں کوہلی کے صبرکا باندھ ٹوٹ گیا۔ کوہلی نے اکشر کی گیند کو ہوا میں کھیلا لیکن لانگ آن پر نوترجے نے بے حد آسان کیچ چھوڑدیا۔ اس موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ربادا پرچوکالگایا اور اکشر کی گیند پر بھی 6رن بٹورے۔ کوہلی حالانکہ اشون پربڑاشارٹ کھیلنے کی کوشش میں مڈوکٹ باؤنڈری پر مارکس اسٹائنس کو کیچ دے بیٹھے جس سے پڈکل کے ساتھ ان کی 57رن کی شراکت کا خاتمہ ہوگیا۔ اشون نے آئی پی ایل نے پہلی بار کوہلی کا وکٹ لیا جنہوں نے 24گیند میں دو چوکے اورایک چھکا لگایا۔
 

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS