نئی دہلی (ایس این بی) : راجدھانی دہلی کے پرگتی میدان میں ہونے والی انٹرپول کی 90ویں سالانہ جنرل اسمبلی کی وجہ سے جن پتھ، اشوکا روڈ اور بارہ کھمبا روڈ سمیت وسطی دہلی کی کئی سڑکوں پر ٹریفک 18 سے 21 اکتوبر تک متاثر رہے گی۔ دہلی ٹریفک پولیس نے کہا کہ اس جنرل اسمبلی میں 195 ممالک کے نمائندے شرکت کریںگے اور وزیر اعظم نریندر مودی 18 اکتوبر کو اس کا افتتاح کریں گے جبکہ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ 21 اکتوبر کو اختتامی پروگرام سے خطاب کریں گے۔ دہلی ٹریفک پولیس کے ایک سینئر افسر نے کہا کہ نئی دہلی ضلع سے گزرنے والے لوگوں کو تاخیر کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے اور وہ اس دوران متبادل راستے استعمال کر سکتے ہیں۔
ٹریفک پولیس کی ایڈوائزری کے مطابق جنرل اسمبلی میں شرکت کرنے والے مندوبین 7ہوٹلوں – دی للت، دی امپیریل، شنگری لا، لی میریڈین، دی اوبرائے، حیات ریجنسی اور دی اشوک میں قیام کریں گے اور وہ پرگتی میدان، جواہر لعل نہرو اسٹیڈیم آئیں گے اور ہوائی اڈے جائیں گے۔ اس بات کو یقینی بنانے کے لیے ٹریفک سے متعلق مختلف اقدامات کیے گئے ہیں کہ وفود کو آمد ورفت میں کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
ٹریفک پولیس کی طرف سے جاری کردہ ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ اشوکا روڈ، جن پتھ، فیروزشاہ روڈ، بارہ کھمبا روڈ، سکندرا روڈ، متھرا روڈ، بھیرو مارگ، سبرامنیم بھارتی مارگ، ڈاکٹر ذاکر حسین مارگ، راجیش پائلٹ مارگ، ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام مارگ، کمال اتاترک مارگ، پنچ شیل مارگ، شانتی پتھ، مہاتما گاندھی مارگ، مہرشی رمن مارگ، بھیشم پیتامہ مارگ، سردار پٹیل مارگ، دھولا کنوں فلائی اوور، گروگرام روڈ، مہرام نگر ٹنل، ایروسٹی اور T3 اپروچ روڈ کو ریگولیٹ کیا جائے گا۔ ٹریفک پولیس نے کہا کہ نئی دہلی ضلع میں سڑکوں پر گاڑیوں کی تعداد کو کم کرنا ضروری ہے اور یہ لوگوں اور تنظیموں کے تعاون سے کیا جا سکتا ہے۔
ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ غیر ضروری ملازمین کو گھر سے کام کرنے کے لیے کہا جا سکتا ہے اور ملازمین کو پبلک ٹرانسپورٹ استعمال کرنے کے لیے کہا جاسکتا ہے اور کام کے اوقات تبدیل کیے جا سکتے ہیں۔
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS