سعودی وزارت داخلہ میں خواتین کے کردار کو بڑھانے کی کوشش جاری
ریاض: خواتین کے عالمی دن (8 مارچ) کے حوالے سے یہ بات کہی جا سکتی ہے کہ سعودی خواتین نے تمام میدانوں میں شرکت کے ذریعے معاشرے میں اپنا ایک مقام وضع کر لیا ہے۔ اس میں سیکورٹی کا شعبہ بھی شامل ہے۔ اس سلسلے میں خواتین وزارت داخلہ کی مختلف نوعیت کی ذمے داریوں میں بھی شریک ہو رہی ہیں۔ ان میں امنِ عامہ، پاسپورٹ ڈائریکٹریٹ، جیل، انسداد منشیات اور طبی خدمات وغیرہ شامل ہیں۔ سعودی فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی صورت میں مملکت کی دانش مند قیادت نے قومی معیشت کی سپورٹ اور جامع ترقی سے متعلق منصوبوں میں خواتین کے ترقیاتی کردار کو محفوظ بنایا ہے۔ کام کی منڈی میں خواتین کی اقتصادی شرکت میں اضافے کا اشاریہ 25% تک پہنچ گیا ہے۔ انسانی وسائل اور سماجی بہبود کی سعودی وزارت کی سکریٹری ہند بن خالد کے مطابق ان کی وزارت نے سرکاری اور نجی سیکٹروں میں خواتین کو با اختیار بنانے اور ان کے قائدانہ کردار کو مضبوط بنانے کے واسطے کئی منصوبے تیار کیے۔ اس کے تحت پہلے مرحلے میں 1700 خواتین کو تربیت دے کر انہیں قائدانہ اور مرکزی مناصب سنبھالنے کے لیے تیار کیا جائے گا۔ سعودی عرب میں “خواتین قیادت فورم” اس وقت مملکت میں خواتین کے قائدانہ کردار کو سپورٹ کرنے کے لیے کام کر رہا ہے۔ اس کا مقصد حکومت کے مختلف اداروں میں خواتین کو کام کرنے اور مرکزی عہدوں پر فائز ہونے کا موقع دینا ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS