نئی دہلی: ساؤتھ افریقہ کے صدر سیرل رامافوسہ اور پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان سمیت سابق اور موجودہ عالمی رہنماؤں نے عالمی وبا کورونا وائرس کا علاج دریافت اور ویکسین کی تیار ہونے کی صورت میں مطالبہ کیا ہے کہ اسے سب کے لیے بلامعاوضہ دستیاب ہونا چاہیے۔ پاکستان کے وزیراعظم عمران خان اور ساؤتھ افریقہ کے صدر سیرل رامافوسہ ان 140 عالمی رہنماؤں اور ماہرین میں شامل ہیں جہنوں نے ویکسین کی فراہمی سے متعلق ایک مشترکہ خط پر دستخط کیے ہیں۔ جس خط میں کہا گیا ہے کہ ویکسین کے جملہ حقوق کو محفوظ نہیں رکھنا چاہیے اور اس کی سائنس کو اقوام عالم کے ساتھ شریک کرنا چاہیے۔ اگلے ہفتے اقوام متحدہ کے عالمی ادارہ صحت کا جنرل اجلاس ہوگا۔ خط میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ تمام ممالک اور بین الاقوامی ادارے ضمانت دیں کہ جب مؤثر ویکسین تیار ہوجائے گی تو وہ جلد تمام ممالک کی عوام کے لیے دستیاب ہوگی۔ خط کے مطابق یہ شرط کورونا وائرس سے متعلق تمام علاج، تشخیص اور دیگر ٹیکنالوجیز پر بھی عائد ہونی چاہیے۔ اس خط پر سینگال اور گھانا کے صدور کے بھی دستخط ہیں۔ خط پر دستخط کرنے والوں میں پاکستان کے سابق وزیراعظم شوکت عزیز بھی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ دیگر سابق عالمی رہنماؤں نے بھی دستخط کیے ہیں۔ یہ خط ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب فرانس میں دواؤں کی کمپنی سنوفی نے کہا تھا کہ کورونا وائرس کے کسی بھی ویکسین کی پہلی کھیپ وہ محفوظ رکھے گا۔ جبکہ کمپنی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر نے کہا تھا کہ ویکسین کے استعمال کے حقوق پہلے امریکہ کے لیے محفوظ رکھے گا کیونکہ امریکی حکومت نے ویکیسن کی تحقیق کے لیے فنڈز فراہم کیے ہیں۔ کمپنی کے اس بیان پر اعلیٰ حکام اور طبی ماہرین نے برہمی کا اظہار کیا تھا۔ سیرل رامافوسہ جو کہ افریقی یونین کے چیئر پرسن بھی ہیں، انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی ویکسین کے حقوق کو محفوظ نہیں رکھنا چاہیے، اس کو بہت تیزی سے بنانا چاہیے اور اس کو تقسیم کرنا چاہیے اور یہ سب کے لیے مفت دستیاب ہونا چاہیے۔‘واضح رہے کہ عالمی وبا کورونا وائرس کے علاج کے لیے مختلف ممالک میں تجربات کیے جا رہے ہیں۔ کئی ممالک میں اس عالمی وبا کے علاج کے لیے ویکسین تیار کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔
کورونا وائرس: 140 عالمی رہنماؤں کا کورونا ویکسین کی مفت فراہمی کا مطالبہ
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS