کرناٹک میں اومیکرون کے ملے 2 معاملے،30 ملکوں میں نئے ویرینٹ کا قہر

0
www.business-standard.com

،30 ملکوں میں نئے ویرینٹ کا قہر
نئی دہلی (ایجنسیاں) : ملک میں کورونا وائرس کے نئے خطرناک ویرینٹ اومیکرون نے دستک دے دی ہے۔ کرناٹک میں 2 مریضوں میں اس تصدیق ہوئی ہے۔ دونوں مریض جنوبی افریقہ سے آئے تھے۔ جوائنٹ ہیلتھ سکریٹری لواگروال نے کہا ہے کہ جینوم سکونسنگھ کے ذریعہ ان مریضوں میں معاملے کی تصدیق ہوئی ہے۔ ان میں سے ایک کی عمر 64 سا ل ہے جبکہ دوسرے کی عمر 46سال ہے۔ لواگروال نے کہا کہ جن 2 لوگوں میں اس ویرینٹ کی تصدیق ہو ئی ہے وہ کرناٹک کے رہنے والے ہیں۔ ان میں معمولی علامتیں پائی گئی ہیں اور انہیں کورنٹائن میں رکھا گیا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اب تک دنیا کے 30 ممالک میںاومیکرون کے 375 معاملے سامنے آچکے ہیں۔ ان مماملک میں امریکہ، اسرائیل اور جاپان جیسے ممالک بھی شامل ہیں اور اب اس فہرست میں ہندوستان بھی شامل ہو گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق جن 2مریضوں میں اومیکرون کی علامتیں پائی گئی ہیں ان میں سے ایک کی کوئی سفری ہسٹری نہیں ہے جبکہ دوسرا 20نومبر کو ہندوستان آیا تھا اور 29 کو دبئی چلا گیا۔ادھر بدھ کو ملک کے 11ہوائی اڈوں پر 64انٹرنیشنل پروازیں آئیں جن کے 1502 مسافروں کا کووڈ ٹیسٹ کیا گیا لیکن کوئی بھی پازیٹو نہیں نکلا۔ ادھر انڈیا ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق جو 2مسافر پازیٹو نکلے ان میں سے ایک کے رابطے میں آنے سے 5افراد کورونا پازیٹو ہو گئے، ان کے سیمپل بھی جینوم سکونسنگھ کے لیے بھیج دیے گئے ہیں۔ دریں اثنا دنیا بھر میں ہلاکت خیز عالمی وبا کووڈ-19 کے نئے ویرینٹ کے بڑھتے خطرے کے پیش نظر حکومت ہند نے 11 ممالک کو خطرے والے زمرے میں رکھا ہے اور وہاں سے آنے والے مسافروں کی ایئرپورٹ پر سختی سے جانچ کی جارہی ہے ۔ ادھر مرکزی شہری ہوابازی کے وزیر جیوتی رادتیہ سندھیا نے جمعرات کو ایوان زیریں لوک سبھا میں وقفہ سوالات کے دوران ایک ضمنی سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ حکومت نے 11 ممالک کو خطرے کے زمرے میں رکھا ہے، جن میں یوروپی براعظم کے تمام ممالک ، جنوبی افریقہ، بوٹسوانا، برازیل، چین ، ماریشس، نیوزی لینڈ، زمبابوے ، سنگاپور، ہانگ کانگ اور اسرائیل شامل ہیں ۔ ان ممالک سے آنے والے مسافروں کی ایئرپورٹ پر سختی سے جانچ کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وندے بھارت مشن کے تحت حکومت ہند نے ایک کروڑ 83 لاکھ سے زیادہ ہندوستانی مختلف ممالک سے آئے اور پھنسے ہوئے مسافر اپنے ملکوں کو واپس چلے گئے ۔ایک اور ضمنی سوال کا جواب دیتے ہوئے مسٹر سندھیا نے کہا کہ بیرون ملک جانے والے مسافروں کے سلسلے میں فی الحال کوئی منصوبہ نہیں بنایا گیا ہے۔ دوسری جانب ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا انفیکشن کی وجہ سے تقریباً 500 مریضوں کی موت کے ساتھ ہی مرنے والوں کی کل تعداد بڑھ کر 469724 ہو گئی ہے اور ایکٹیو کیسز میں اضافہ سامنے آیا ہے ۔
جمعرات کی صبح مرکزی وزارت صحت کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا انفیکشن کے 9765 نئے کیسز سامنے آنے کے ساتھ ہی متاثرین کی کل تعداد بڑھ کر تین کروڑ 46 لاکھ 6 ہزار 541 ہو گئی ہے ۔ بدھ کی رات تک 8548 مریضوں کے صحت یاب ہونے کے بعد اس وبا کو شکست دینے والوں کی تعداد تین کروڑ 40 لاکھ 37 ہزار 54 ہو گئی ہے ۔جبکہ ایکٹو کیسزبڑھ کر 99763 اور ہلاکتوں کی تعداد چار لاکھ 69 ہزار 724 ہو گئی ہے ۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS