ہندوستان کا بیرونی قرضہ 570 ارب ڈالرتک پہنچا

0

نئی دہلی : (یو این آئی) کورونا وباء کے دوران مختلف فلاحی کاموں پرحکومت کے بڑے پیمانے پراخراجات کے درمیان ہندوستان کا بیرونی قرضہ مارچ 2021 میں اختتام پزیر مالی سال میں 2.1 فیصد بڑھ کر 570 ارب ڈالرپر پہنچ گیا ہے۔ وزارت خزانہ کے اقتصادی امورکے شعبہ کی جانب سے بیرونی قرضوں سے متعلق بدھ کو جاری ہونے والی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مارچ 2020 میں یہ قرضہ 558.4 ارب ڈالر تھا۔ ہندوستان کی مجموعی گھریلو پیداوار (جی ڈی پی) کے تناسب پر یہ بیرونی قرض مارچ 2020 میں 20.6 فیصد تھا،جو رواں برس مارچ میں بڑھ کر 21.1 فیصد ہوگیا۔
ملک پرکل غیرملکی قرضے میں تجارتی قرضہ،قلیل مدتی کاروباری قرضہ اور ملٹی لیول لون کی حصہ داری 92 فیصد ہے۔ مارچ 2020 کے مقابلے میں مارچ 2021 میں تجارتی قرضہ اور قلیل مدتی کاروباری قرضہ میں کمی واقع ہوئی جب کہ اورملٹی لیول لون میں اضافہ درج کیا گیا ہے۔ ملک کے غیرملکی زرمبادلہ کے ذخائر کے تناسب میں غیر ملکی قرضہ مارچ 2021 میں 101.2 فیصد رہا جو کہ مارچ 2020 کے مقابلے میں 15.6 فیصد زیادہ ہے۔ 2020-21 کے دوران کورونا وبا سے نمٹنے کے لیے مختلف ذرائع سے غیر ملکی امداد میں اضافے کی وجہ سے حکومتی قرضہ مارچ 2020 کے مقابلے میں 6.2 فیصد اضافے کے ساتھ 107.2 ارب ڈالر پر پہنچ گیا۔ غیر حکومتی قرضہ 1.2 فیصد بڑھ کر اس دوران 462.8 ارب ڈالر ہو گیا۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS