ہندوستانی ہاکی ٹیم نے جیتا کانسہ،جرمنی کو شکست دے کر 41 سال بعد جیتا اولمپکس میڈل

0
indiatoday.in

ٹوکیو : (یو این آئی) ہندوستانی مرد ہاکی ٹیم نے جمعرات کو ٹوکیو اولمپکس میں جرمنی کو شکست دے کر 41 سال بعد اولمپکس کانسہ میڈل جیت کر تمغوں کے قحط کا خاتمہ کردیا۔
سال 1980 کے ماسکو اولمپک کھیلوں کے بعد یہ ہندوستان کا پہلا اولمپک ہاکی تمغہ ہے۔ ساتھ ہی اولمپکس کی تاریخ میں یہ ہندوستان کا تیسرا ہاکی کانسہ میڈل ہے۔ دیگر دو کانسہ کے تمغے 1968 میکسیکو سٹی اور 1972 میونخ گیمز میں آئے تھے ۔ ہندوستانی مرد ہاکی ٹیم نے اوورآل اولمپکس میں 12 تمغے جیتے ہیں جن میں آٹھ گولڈ ، ایک سلور اور تین کانسہ کے تمغے شامل ہیں۔
میچ کی بات کریں تو دونوں ٹیموں نے اپنی طاقت کے ساتھ ہاکی کھیلی۔ ابتداء میں جرمنی، ہندستان کے مقابلے تھوڑا حاوی رہا۔ دوسرے منٹ میں پہلا گول بھی جرمنی کی جانب سے ہوا۔ مڈفیلڈر عروج تیمور نے شاندار گول کرتے ہوئے ٹیم کو0۔1سے برتری دلائی۔ اس کے بعد ہندستان نے ایک گول کے تعاقب میں جارحیت کا مظاہرہ کیا لیکن گول نہ ہو سکا اور پہلا کوارٹر0۔1 کے اسکور پر ختم ہوا۔

دوسرا کوارٹر شروع ہوتے ہی ہندوستان کو وہ گول ملا جس کی اسے تلاش تھی۔ فارورڈ سمرن جیت سنگھ نے 17 ویں منٹ میں شاندار گول کر کے ٹیم کو 1-1 سے برابر کر دیا حالانکہ اس کے بعد جرمنی نے ایک ۔ایک منٹ کے وقفے سے دو گول کرکے1۔3 کی برتری حاصل کر لی۔ یہ گول فارورڈ ویلن نیکلس اور فرک بینیڈکٹ نے بالترتیب 24 ویں اور 25 ویں منٹ میں کیے۔
3-1 سے پیچھے رہنے کے بعد ہندوستانی کھلاڑیوں نے رفتار دکھائی جس کا اچھا نتیجہ نکلا۔ ہندستان27 ویں اور 29 ویں منٹ میں دو پنالٹی کارنر لینے میں کامیاب رہا۔ مڈفیلڈر ہاردک سنگھ اور ڈیفینڈر ہرمن پریت سنگھ نے ان مواقع سے فائدہ اٹھایا اور گول کرکے ٹیم کو 3-3 سے برابر کردیا۔ اسی کے ساتھ دوسرا کوارٹر ختم ہوا۔
اس کے بعد ہندستان نے میچ پراپنی گرفت برقرار رکھی۔ دوسرے کوارٹر میں اپنی رفتار کو جاری رکھتے ہوئے ٹیم نے تیسرے کوارٹر کے آغاز میں ہی دو گول کرکے3۔5 کی مضبوط برتری حاصل کرلی۔ 31 ویں منٹ میں ملنے والے پنالٹی کارنر کو ٹیم کے سب سے تجربہ کار کھلاڑی ڈیفینڈر روپندر پال سنگھ نے گول میں تبدیل کیا۔ تین منٹ بعد 34 ویں منٹ میں سمرن جیت سنگھ نے دوبارہ اپنا جلوہ دکھایا اور ایک شاندار گول کیا۔ گول کے ساتھ ساتھ ہندستان نے دفاع میں بھی اچھا کام کیا۔ گول کیپر پی آر شری جیش نے متعدد مواقع گول میں تبدیل ہونے سے بچائے۔

تیسرے کوارٹر میں5۔ 3 سے پیچھے رہنے کے بعد چوتھے کوارٹر میں جرمنی نے جارحانہ موقف اختیار کیا اور گول کرنے کی پوری کوشش کی اور ڈیفینڈر ونڈ فیڈر لوکاس نے میچ کے 48 ویں منٹ میں ملے پنالٹی کارنر سے گول کردیا۔ اس گول سے جرمنی نے سکور کو 5۔4 کردیا۔ میچ کے آخری لمحات میں ہندستان نے اپنے دفاع پر زیادہ توجہ دی حالانکہ جرمنی نے اسکور برابر کرنے کے مقصد سے گول کیپر کو ہٹا کر دیگر ایک حملہ آور کو میدان پربلایا ، لیکن وہ اس کا فائدہ نہ اٹھا سکے اور میچ ہار گئے۔ جہاں جرمنی کو مایوسی ہاتھ لگی تو وہیں ہندوستانی مرد ہاکی ٹیم نے 41 سال بعد اولمپک تمغہ جیت کر ملک کا سر فخر سے بلند کردیا۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS